ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / پاکستان کے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ، 27 ہلاک، 155 یرغمالی مسافر بازیاب

پاکستان کے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ، 27 ہلاک، 155 یرغمالی مسافر بازیاب

Wed, 12 Mar 2025 09:59:57    S O News

کوئٹہ، 12 مارچ (ایس او نیوز/ ایجنسی)  کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد 500 مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا، جس کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک جبکہ 155 یرغمالی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق جعفر ایکسپریس صبح ساڑھے نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی۔ جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزر رہی تھی تو نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں ٹرین کے ڈرائیور سمیت کئی مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نے ٹرین کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی شروع کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 155 یرغمالی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا، جن میں 31 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ بازیاب شدہ 17 زخمی مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 80 افراد میں سے کچھ اپنے رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہوگئے اور 57 مسافروں کو وین کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں میں خودکش بمبار بھی شامل ہیں، جو یرغمالی مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل تھی، جس میں تقریباً 500 مسافر سوار تھے۔ حملے کے بعد مسافروں اور عملے سے رابطے میں مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ اس علاقے میں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں۔ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ سبی سے ایمبولینسز جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ سخت کر دیا ہے اور دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں بلکہ مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر بھروسہ کریں۔


Share: