ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / خلا باز سنیتا ولیمز کی 9 ماہ بعد زمین پر واپسی، فلوریڈا کے قریب سمندر میں لینڈنگ متوقع

خلا باز سنیتا ولیمز کی 9 ماہ بعد زمین پر واپسی، فلوریڈا کے قریب سمندر میں لینڈنگ متوقع

Wed, 19 Mar 2025 10:47:45    S O News

نیویارک، 19/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی ) وہ لمحہ آ پہنچا جس کا بے صبری سے انتظار تھا۔ ہند نژاد خلا باز سنیتا ولیمز اپنے ساتھی خلا باز بچ ولمور کے ہمراہ زمین سے 400 کلومیٹر دور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے روانہ ہو چکی ہیں۔ جب آپ یہ سطریں پڑھ رہے ہوں گے، امکان ہے کہ وہ زمین پر بحفاظت پہنچ چکی ہوں گی۔ ان کی واپسی پر نہ صرف امریکہ میں خوشی کا ماحول ہے بلکہ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں بھارتی نژاد افراد موجود ہیں، جشن منایا جا رہا ہے۔ ناسا کے مطابق، موسمی حالات کے پیش نظر ’اسپلیش ڈاؤن‘ کی حتمی جگہ کا تعین کیا جائے گا۔

سنیتاولیمز کا خلائی جہاز ڈریگن ۱۷؍ گھنٹے سے زائد کے سفر کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا جو امریکہ کے بالکل جنوب میں واقع ہے ، کے قریب سمندر میں لینڈ کرے گا۔ وہاں سے سنیتا اور ان کے ساتھی خلا باز بچ ولمور کو کشتی پر لے جایا جائے گا اور وہیںسے انہیں ہیلی کوپٹر یا چھوٹے ہوائی جہاز کے ذریعے ہوسٹن روانہ کردیا جائے گا کیوں کہ اسی شہر میںناسا کا جانسن اسپیس سینٹر ہے جہاں سے انسان بردار خلائی مشن بھیجے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈریگن جہاز امریکی وقت مطابق منگل کی  شام ساڑھے ۵؍ بجے کے قریب سمندر میں لینڈ ہو گا ۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہاں رات کے  تقریباً ۳؍ بج رہے ہوں گے ۔  اس لحاظ سے جب صبح ہو گی تب تک سنیتا لینڈ کرچکی ہوں گی۔

اسپیس ایکس کا خلائی جہاز ڈریگن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے الگ یعنی اَن ڈاک ہو چکا ہے۔ اس اسپیس کرافٹ کے ذریعہ ۱۷؍ گھنٹے کا سفر کرنے کے بعد خلائی مسافر سنیتا ولیمز اور بُچ ولمور زمین پر لوٹیں گے۔ ان دونوں خلا بازوں کا زمین پر بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کی سلامتی کے ساتھ واپسی کیلئے دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں  خلا بازوں کو واپس لانے والا جہاز اتوار کو ۲؍ خلا بازوں کو لے کر خلائی اسٹیشن پہنچا تھا اور ۲؍ دن کے وقفے کے بعد یہ دوبارہ وہاں سے نکل گیا ۔ سنیتا اور ولمور کی واپسی کا سفر ناسا کی جانب سے لائیو دکھایا جارہا ہے جسے یوٹیوب پر دیکھا جاسکتا ہے۔  

سنیتا ولیمز اور بُچ ولمور نے گزشتہ سال ۵؍ جون کو اسٹارلائنر سے آئی ایس ایس کیلئے اڑان بھری تھی۔ وہاں آٹھ دن گزارنے کے بعد ان کی واپسی طےتھی لیکن تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ دونوں وہیں پھنس گئے اور گزشتہ ۹؍ ماہ سے وہیں پھنسے رہے۔ اس دوران کچھ کوششیں ہوئی انہیں واپس لانے کی لیکن وہ ابتدائی مرحلے میں  ناکام ثابت ہوئیں۔  

ہندوستانی وقت کے مطابق ۱۹؍ مارچ کی علی الصباح جب سنیتا ولیمز کی واپسی ہوگی تو وہ خلا میں  کل ۲۸۶؍دن گزار چکی ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک سفر میں تیسرے سب سے زیادہ دن  آئی ایس ایس میں گزارنے والی خاتون خلا باز بن گئی ہیں۔ اس معاملے میں پہلے پائیدان پر ۳۲۸؍ دنوں کے ساتھ کرسٹینا کوِچ ہیں جبکہ پگی ویٹسٹن ۲۸۹؍ دنوں دنوں کےساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں ایک بار میں سب سے زیادہ۳۷۱؍ دن خلاباز فرینک روبیو نے بتائے ہیں۔ کل ملاکر سب سے زیادہ دن گزارنے کا ریکارڈ ۶۷۵؍دنوں کے ساتھ پگی ویٹسٹن کے پاس ہے۔ خلا میں چہل قدمی کا ریکارڈ سوشان ہیمس اور جیمس ووس کے پاس ہے۔ ان دونوں نے ایک بار ۹؍گھنٹے۵۶؍ منٹ تک `اسپیس واک کیا تھا۔ سنیتا ولیمز نے اب تک ۹؍ مرتبہ `اسپیس واک کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے ۶۲؍ گھنٹے ۶؍منٹ اسپیس واک میں گزارے ہیں۔ اس معاملے میں وہ پہلے مقام پر ہیں۔

سنیتا ولیمز اور ان کے ساتھی بچ ولمور کا خلائی جہاز تیزی سے زمین کی جانب آ رہا ہے۔ دونوں خلائی مسافر ’اسپیس ایکس کریو کیپسول‘ سے زمین پر لوٹ رہے ہیں۔ اس درمیان وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی ’بیٹی‘ سنیتا ولیمز کو واپسی سے قبل خط لکھا ہے کہ وہ ہزاروں میل دور ہیں پھر بھی دلوں کے قریب ہیں۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے  یہ اطلاع دی کہ وزیر اعظم مودی نے سنیتا ولیمز کو خط لکھا ہے اور انہیں ہندوستان مدعو کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہندوستان اپنی بیٹی سے ملنا چاہتا ہے۔


Share: