ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات 19 جون کو ہوں گے

چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات 19 جون کو ہوں گے

Mon, 26 May 2025 12:01:47    S O News

نئی دہلی، 26/ مئی  (ایس او نیوز /ایجنسی)  الیکشن کمیشن نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ملک کی چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی نشستوں پر 19 جون کو ضمنی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں گجرات کی دو، جبکہ کیرالہ، پنجاب اور مغربی بنگال کی ایک ایک نشست شامل ہے۔ ان انتخابات کے ذریعے خالی نشستوں کو پُر کیا جائے گا۔

کمیشن کی ایک ریلیز کے مطابق، گجرات اسمبلی کی کاڈی (درج فہرست ذات) اور ویساوادر، کیرالہ کی نیلمبور، پنجاب کی لدھیانہ (مغربی) اور مغربی بنگال کی کالی گنج اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن پیر 26 مئی کو جاری کیا جائے گا۔

ان ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 2 جون تک داخل کیے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ 3 جون کو ہوگی اور 5 جون تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔

ان سیٹوں کے لیے ووٹنگ 19 جون کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 23 جون کو کرائی جائے گی۔

کمیشن نے کہا ہے کہ ان خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا سارا عمل 25 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ضمنی انتخاب کے اعلان کے ساتھ ہی وہاں پر مثالی ضابطہ اخلاق نافذ کردیا گیا ہے۔ یہ نشستیں منتخب نمائندوں کے انتقال یا استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔


Share: