ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہا کمبھ میں چوری کا بڑا معاملہ! ایک شخص سے 60 لاکھ کے 90 موبائل فون ضبط

مہا کمبھ میں چوری کا بڑا معاملہ! ایک شخص سے 60 لاکھ کے 90 موبائل فون ضبط

Sat, 08 Mar 2025 11:25:35    S O News
مہا کمبھ میں چوری کا بڑا معاملہ! ایک شخص سے 60 لاکھ کے 90 موبائل فون ضبط

پریاگ راج  ، 8/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)پریاگ راج میں اختتام پذیر ہونے والے مہا کمبھ کے دوران چوروں نے عقیدتمندوں کی بھاری بھیڑ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس کا انکشاف اس وقت ہوا جب جی آر پی اور آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے وارانسی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ایک شاطر چور کو 90 مہنگے اینڈرائیڈ فونز سمیت گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ ان چوری شدہ موبائل فونز کی مجموعی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق وارانسی کینٹ جی آر پی اسٹیشن کے سربراہ ہیمنت کمار نے بتایا کہ بہار کے مہاراج گنج کے رہنے والے روی کمار عرف گولو کو ریلوے اسٹیشن پر چیکنگ کے دوران پکڑا گیا۔ مشکوک حالت میں پکڑے گئے نوجوان سے بیگ میں چھپائے گئے 90 مہنگے موبائل فون اور 1950 روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ یہ فون پریاگ راج اور وارانسی سے چوری کیے گئے تھے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ برآمد کیے گئے موبائلز کو نگرانی پر رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے اصل مالکان کی شناخت ہو سکے۔ ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے کہ آیا اس کے پیچھے کوئی بڑا گینگ ہے یا نہیں۔ پولیس کا ماننا ہے کہ مہا کمبھ کے دوران اس طرح کی چوری کی وارداتیں منظم انداز میں انجام دی گئی ہوں گی۔

پولیس اب اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا چوری کا یہ سلسلہ مہا کمبھ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے لوگوں کو نشانہ بنانے کی کسی بڑی سازش کا حصہ تھا۔ معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے کیونکہ برآمد ہونے والے فون کی قیمت 60 لاکھ روپے ہے۔ انتظامیہ نے میلے میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔


Share: