ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سپریم کورٹ کا استغاثہ کی تقرری پر برہمی، اقربا پروری اور جانبداری پر ریاستی حکومتوں کو تنقید

سپریم کورٹ کا استغاثہ کی تقرری پر برہمی، اقربا پروری اور جانبداری پر ریاستی حکومتوں کو تنقید

Thu, 30 Jan 2025 12:31:47  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ،  30/جنوری (ایس او  نیوز)سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ریاستی حکومتوں کو ہائی کورٹ میں استغاثہ کی تقرری کے معاملے میں تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ یہ سیاسی وجوہات کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت عظمیٰ نے مزید کہا کہ جانبداری اور اقربا پروری کی وجہ سے قابلیت کا تنازل ہوتا ہے۔ جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے کہا کہ ججز بھی انسان ہیں اور کبھی کبھار غلطیاں کر بیٹھتے ہیں، ایسے میں استغاثہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان غلطیوں کی اصلاح کرے۔ بنچ نے مزید کہا کہ کام کے دباؤ کی وجہ سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں، اور اس وقت فریقین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عدالت کی اصلاح کریں، اور ہم اس کے لیے ریاستی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے سامنے ایک فوجداری اپیل میں سرکاری استغاثہ کی طرف سے دیئے گئے غیر اطمینان بخش تعاون کو دیکھتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے یہ تبصرہ کیا۔ بنچ نے کہا کہ یہ فیصلہ سبھی ریاستوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ متعلقہ ہائی کورٹ میں اے جی پی اور اے پی پی پر کسی شخص کو صرف اس کی صلاحیت کی بنیاد پر تقرر کیا جانا چاہیے۔ ریاستی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اہل شخص کی قابلیت کا پتہ لگائے کہ وہ قانون میں کتنا ماہر ہے۔ اس کا مجموعی پس منظر، اس کی ایمانداری بھی دیکھی جانی چاہیے۔

دراصل پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے سامنے ایک فوجداری اپیل میں پبلک پروزکیوٹر کی نااہلی کی وجہ سے ملزم کو غیر قانونی سزا سنائی گئی۔ سپریم کورٹ نے حیرانی ظاہر کی کہ مہلوک کے والد کی نظرثانی عرضی میں ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے بَری کیے جانے کے فیصلے کو پلٹ دیا۔ یہ ناقابل قبول ہے کیونکہ نظرثانی عرضی میں بری کیے جانے کے فیصلے کو پلٹا نہیں جا سکتا۔

بنچ نے اس بات پر بھی حیرانی ظاہر کی کہ ہائی کورٹ کے پبلک پروزکیوٹر نے قانونی طور سے نامناسب ہونے کی طرف توجہ دلانے کے بجائے ملزم کو سزائے موت دیے جانے کا مطالبہ کیا اور جبکہ ریاست نے بری کیے جانے کے خلاف کوئی اپیل دائر نہیں کی تھی۔ بنچ نے سبھی ہائی کورٹ میں پبلک پروزکیوٹرس کی ایسی سطح پر افسوس کا اظہار کیا۔


Share: