لکھنؤ ، 17/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )ملک میں ان دنوں 'انڈیاز گوٹ لیٹینٹ' شو کو لے کر شدید تنازعہ جاری ہے۔ شو میں غیر مہذب اور متنازعہ بیانات کے باعث رنویر الہ آبادیا اور سمئے رینا قانونی مشکلات میں گھر چکے ہیں، اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔ اسی تنازعے میں مشہور کامیڈین انوبھو سنگھ بَسّی کا نام بھی جڑ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ان کا لکھنؤ میں طے شدہ اسٹینڈ اپ شو منسوخ کر دیا گیا۔ بسّی، جو فلم ’تو جھوٹی میں مکّار‘ میں بھی نظر آ چکے ہیں، کا شو 15 فروری کو گومتی نگر کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں سہ پہر 3:30 اور شام 7 بجے ہونا تھا، لیکن پولیس کی مداخلت کے بعد لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انہیں پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دی اور انہیں واپس بھیج دیا۔
واضح ہو کہ کامیڈین انوبھو بسّی کے اس شو کے حوالے سے اترپردیش ریاستی خواتین کمیشن کی نائب صدر ارپنا یادو نے ڈی جی پی پرشانت کمار کو ایک خط لکھا تھا۔ انہوں نے خط میں ڈی جے پی سے درخواست کیا تھا کہ وہ یقینی بنائیں کہ ان پروگراموں میں خواتین کی شبیہ خراب نہ ہو یا پھر انہیں مکمل طور پر رد کرنے پر غور کریں۔ 14 فروری کو لکھے گئے خط میں گزشتہ پروگراموں میں غیر مناسب زبان کے استعمال پر روشنی ڈالی گئی تھی اور عوامی پروگراموں میں شائستگی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش ریاستی خواتین کمیشن نے خط میں لکھا کہ ’’معلوم ہوا ہے کہ 15 فروری کو لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں انوبھو سنگھ بسّی کا کامیڈی شو منعقد کیا جا رہا ہے۔ یوٹیوب چینل پر ان کے گزشتہ شوز کو دیکھنے کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان کے شو میں نازیبا الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے لکھا کہ ’’اس لیے آپ سے امید کی جاتی ہے کہ براہ کرم یقینی بنائیں کہ اس مجوزہ پروگرام اور اسٹیند اپ فنکاروں کے اسی طرح کے شوز میں نہ تو کوئی نازیبا الفاظ استعمال کیے جائیں اور نہ ہی خواتین کے حوالے سے کوئی نازیبا تبصرے کیے جائیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’اگر ممکن ہو تو ایسے شو رد کر دیے جائیں اور مستقبل میں ان کی اجازت نہ دی جائے۔‘‘