حیدرآباد، 23/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتوار کے روز ساؤتھ کے سپر اسٹار الو ارجن کے حیدرآباد میں واقع گھر پر کچھ افراد نے حملہ کر دیا۔ حملے کے وقت الو ارجن گھر پر موجود نہیں تھے۔ حملہ کرنے والوں نے خود کو 'عثمانیہ یونیورسٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی' (او یو-جے اے سی) کا رکن بتایا ہے۔ پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حادثے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ او یو-جے اے سی کے اراکین نے الو ارجن کے جوبلی ہلز میں واقع گھر پر حملہ کیا اور ٹماٹر پھینکے۔ اس دوران گھر کے اندر رکھے پھولوں کے گملے بھی ٹوٹ گئے۔
حالانکہ الو ارجن حادثہ کے وقت اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔ عثمانیہ یونیورسٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران الو ارجن کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ساتھ ہی وہ لوگ ریوتی کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے کا معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ ان لوگوں نے 9 سالہ متاثرہ سریتیج کو انصاف دلانے کا بھی مطالبہ کر رہے تھے جو بھگدڑ میں زخمی ہو گیا تھا۔ جس کا حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
حادثے کے بعد پولیس نے اپنی جاری بیان میں کہا کہ ’’عثمانیہ یونیورسٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے 6 ممبران نے الو ارجن کے رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔ ان لوگوں نے احتجاج کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا۔ حالانکہ ہمیں الو ارجن کے خاندان کی جانب سے اس حادثے کے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔‘‘ واضح ہو کہ یہ واقعہ الو ارجن کے اتوار کو ایک بیان جاری کرنے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔ جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں اپنے تمام مداحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ کی طرح ذمہ داری کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کریں اور آن لائن یا آف لائن کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا رویے کا سہارا نہ لیں۔ جو بھی جعلی آئی ڈی اور جعلی پروفائل کے ساتھ خود کو میرا مداح بتا کر ہتک آمیز پوسٹ کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میری مداحوں سے گزارش ہے کہ وہ ایسی پوسٹوں کا حصہ بننے سے بچیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 13 دسمبر کو اللو ارجن کو اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران سندھیا تھیٹر میں ہونے والی بھگدڑ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس میں ریوتی نامی خاتون کی موت ہوئی تھی اور اس کا بیٹا شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا جو ابھی بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ حالانکہ گرفتاری کے اگلے ہی دن چنچل گوڈا جیل میں ایک رات گزارنے کے بعد سپر اسٹار اللو ارجن کو عدالت نے ضمانت دے دی تھی۔