ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جامع مسجد سنبھل معاملے پر آج الہ آباد ہائی کورٹ میں اہم سماعت

جامع مسجد سنبھل معاملے پر آج الہ آباد ہائی کورٹ میں اہم سماعت

Wed, 08 Jan 2025 12:31:39    S.O. News Service

سنبھل ، 8/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے کیس میں آج 8 جنوری بدھ کو الہ آباد ہائی کورٹ میں اہم سماعت ہو گی۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر جسٹس روہت اگروال کی سنگل بنچ دوپہر تقریباً 12 بجے سماعت کرے گی۔ کمیٹی نے سنبھل کی ضلع عدالت کے 6 جنوری کے فیصلے کے خلاف یہ درخواست دائر کی تھی۔

مسجد کمیٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں یہ درخواست دائر کی ہے، جس میں ضلع عدالت میں زیر التوا مقدمے کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے اس کی سماعت منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حتمی فیصلہ آنے تک مقدمے کی کارروائی پر روک لگانے کی مانگ بھی کی گئی ہے۔ مسجد کمیٹی نے ایڈووکیٹ کمشنر کے 19 نومبر کو جاری کردہ سروے کے حکم کو بھی منسوخ کرنے کی استدعا کی ہے۔

درخواست میں خاص طور پر اس بات کو چیلنج کیا گیا ہے کہ ایک ہی دن میں دیوانی مقدمہ داخل، اس پر فوری سماعت اور سروے کا کام شروع کیا گیا، جس سے ایک فریق کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ مسجد کمیٹی کے مطابق یہ کارروائی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے اور عدالت سے اس پر نظرثانی کی درخواست کی گئی ہے۔

اس معاملے میں ہندو فریق نے پہلے ہی عدالت میں کیویٹ داخل کر رکھی ہے، جس کا مطلب ہے کہ عدالت ہندو فریق کی دلائل بھی سنے گی۔ مسجد کمیٹی کی درخواست میں 13 افراد کو فریق بنایا گیا ہے، جن میں مقامی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افراد شامل ہیں۔

ضلع عدالت میں مسجد کے ایڈووکیٹ کمشنر کی جانب سے سروے رپورٹ پہلے ہی داخل کی جا چکی ہے۔ ہائی کورٹ سے آنے والا فیصلہ یہ طے کرے گا کہ چندوسی کی عدالت میں 19 نومبر کو دائر کیے گئے مقدمے پر کارروائی جاری رہے گی یا نہیں۔

مسجد کمیٹی کی درخواست کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ سروے کے عمل سے ایک فریق کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، لہٰذا انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے سروے اور مقدمے کی کارروائی کو معطل کیا جائے۔


Share: