ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ریزررویشن آبادی کے حساب سے ملنا چاہیے، اکھلیش یادو کا چھتیس گڑھ میں بیان

ریزررویشن آبادی کے حساب سے ملنا چاہیے، اکھلیش یادو کا چھتیس گڑھ میں بیان

Mon, 10 Nov 2025 17:11:37    S O News

 رائے پور، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار اسمبلی انتخابات میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے عین قبل سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور پہنچے ایس پی سربراہ نے ریزرویشن کو لے کر بیان دیا ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس کی جتنی آبادی اسی بنیاد پر ریزرویشن بھی دیا جائے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ لوگ بیدار ہو چکے ہیں۔ ہر ذات کی گنتی ہوتی ہے، ہر فرد چاہتا ہے کہ اس کی ذات کا شمار ہو۔ آج کل قومی پارٹیاں بھی علاقائی پارٹیوں کی پیروی کررہی ہیں۔ بی جے پی خاموشی سے ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری اور فوائد کی وکالت کرتی ہے۔ ریزرویشن بھی اسی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ جس طرح سے ساؤتھ میں اس کی سوچ بدل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ذات کی مردم شماری اور ذات پرمبنی ریزرویشن کی حمایت کرتا ہوں۔

قنوج کے ایم پی اکھلیش یادو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے نکسل ازم، سماجی مسائل اور بنیادی ضروریات پر توجہ نہیں دی ہے۔ بندوق علاج نہیں ہو سکتا، گولی علاج نہیں ہو سکتی۔ ہم نجکاری کے خلاف ہیں۔ نجکاری کسی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہے۔ جب تک عام لوگوں اور غریبوں کو فائدہ نہیں ہو رہا ہے ، ہم نجکاری کے خلاف ہیں۔

سرحد سے دراندازوں کے داخل ہونے کے سوال کے بارے میں اکھلیش نے کہا کہ دہلی میں 11 سال سے کس کی حکومت ہے؟ درانداز آ رہے ہیں، وہ اپنی ہی حکومت پرالزام لگا رہے کہ آپ 11 سال سے دراندازوں کو لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لوک سبھا میں یہ ضرور پوچھوں گا۔ ہم تو حکومت سے سوال کر سکتے ہیں۔اکھلیش نے ڈبل انجن والی حکومت سے متعلق ایک سوال پر طنز کستے ہوئے کہا کہ جب سے وائی فائی آ گیا ہے، ریموٹ ہونا فطری بات ہے۔ جہاں منافع کی جگہ ہوتی ہے، وہیں بی جے پی ایک ریموٹ رکھتی ہے۔ ایک چرس، ایک شراب، یہی ڈبل انجن ہے۔


Share: