ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یوگی آدتیہ ناتھ کے حق میں طالبہ کا بیان، اکھلیش یادو نے کہا: بچوں کو نہ گھسیٹیں سیاست میں

یوگی آدتیہ ناتھ کے حق میں طالبہ کا بیان، اکھلیش یادو نے کہا: بچوں کو نہ گھسیٹیں سیاست میں

Tue, 08 Jul 2025 17:28:37    S O News

لکھنؤ، 8/ جولائی ( ایس او نیوز/ایجنسی) سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے گورکھپور میں ایک اسکولی طالبہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف اور ان کے خلاف تنقیدی تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ ایک ویڈیو میں طالبہ کو یہ کہتے سنا گیا کہ "یوگی اچھے ہیں، اکھلیش برے"، جس پر اکھلیش نے طنز کے ساتھ کہا کہ ہم نے مدد کی، پھر بھی ہم برے ٹھہرے۔

انہوں نے لکھنؤ میں پارٹی دفتر پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، "میں نے ویڈیو دیکھی۔ ہم نے اس بچی کی مدد کی، لیکن اس نے کہا یوگی جی اچھے ہیں اور میں برا ہوں۔ اب تک تو ہم سوچتے تھے کہ ہم میں کچھ اچھائی ہے، مگر بہن جی نے ہمیں دکھا دیا کہ واقعی ہم برے ہیں۔ جو مشکل وقت میں کام آئے، وہ برے ہوتے ہیں۔"

اکھلیش نے انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال نہ کیا جائے، کیونکہ یہ بڑا خطرناک کھیل ہے۔ "وفاداریاں بدلتی ہیں، مفادات بدل جاتے ہیں، حالات پل میں پلٹ جاتے ہیں۔ بچوں کو اس کھیل میں گھسیٹنا مناسب نہیں۔ حکومت، ضلع مجسٹریٹ، اور آئی اے ایس افسران سے میری گزارش ہے — بچوں کو سیاست سے دور رکھیں۔"

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، "شاید مجھے بھی دو تین ہفتوں کی چھٹی لے لینی چاہیے تاکہ میں خود کو سدھار سکوں۔ فی الحال تو میں 'برا' ہوں۔"

یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب گورکھپور کی طالبہ پنکھری ترپاٹھی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہتی ہے کہ "یوگی جی اچھے ہیں، اکھلیش برے"۔ پنکھری نے 1 جولائی کو یوگی آدتیہ ناتھ کے جن سنتوان میں شرکت کی تھی اور اسکول فیس معاف کرنے کی اپیل کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اس کا یقین دلایا تھا، مگر ابتدا میں اسکول انتظامیہ نے داخلہ دینے میں ٹال مٹول کی۔

اس کے بعد اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پر اس کی حمایت کی اور ایس پی لیڈران نے مالی مدد کی پیشکش کی، لیکن طالبہ نے اسے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے وعدہ نبھایا اور داخلہ دلوایا۔

اس نے بتایا کہ اسے اسکول میں باضابطہ داخلہ مل چکا ہے اور وہ کلاس بھی شروع کر چکی ہے۔


Share: