ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ائیر انڈیا حادثہ کے حقائق حتمی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے: وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کا پارلیمنٹ میں بیان

ائیر انڈیا حادثہ کے حقائق حتمی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے: وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کا پارلیمنٹ میں بیان

Mon, 21 Jul 2025 20:20:12    S O News

نئی دہلی، 21 جولائی (ایس او نیوز/ ایجنسی) مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے پیر کو راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ 12 جون کو پیش آئے ائیر انڈیا حادثے کی تحقیقات مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار ہوں گی، اور اصل حقائق صرف حتمی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ہی معلوم ہوں گے۔ انہوں نے میڈیا میں شائع ہونے والی ابتدائی رپورٹس کو محض "ذاتی نظریات" پر مبنی قرار دیا۔

رام موہن نائیڈو نے کہا: "ہم تحقیقاتی عمل کو حقائق کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد پائلٹس، بوئنگ یا ایئر انڈیا کے ساتھ یا خلاف کھڑا ہونا نہیں، بلکہ سچائی سامنے لانا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی جانچ کے دوران یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ بلیک باکس کا ڈیٹا ملک کے اندر ہی ڈی کوڈ کیا گیا، چاہے وہ باہر سے خراب ہی کیوں نہ دکھتا ہو۔

وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) کی طرف سے کی جانے والی یہ جانچ پوری طرح قواعد پر مبنی اور غیر جانب دار ہوگی۔ انہوں نے ان میڈیا رپورٹس پر بھی ردعمل دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حادثے سے عین قبل پائلٹ نے مبینہ طور پر انجن کا فیول سپلائی بند کر دیا تھا۔ نائیڈو نے ان خبروں کو "میڈیا کی اپنی کہانی" قرار دیا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ ایئر انڈیا کے بوئنگ 787-8طیارے میں اُس وقت پیش آیا تھا جب وہ احمد آباد سے لندن گیٹوک کے لیے پرواز پر تھا، جو ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ایک عمارت سے ٹکرا گئی تھی۔ اس المناک حادثے میں جہاز میں سوار 242 میں سے 241 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زمین پر موجود 19 افراد بھی مارے گئے۔ صرف ایک مسافر زندہ بچا۔ ایک ماہ بعد AAIB نے ابتدائی رپورٹ جاری کی تھی، تاہم وزیر کے مطابق حتمی سچائی ابھی سامنے آنی باقی ہے۔


Share: