احمد آباد، 15 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): احمد آباد میں پیش آئے المناک طیارہ حادثے کے بعد لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی کی لاش کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت کر لی گئی ہے۔ ان کے اہل خانہ کو لاش سونپ دی گئی ہے اور اب ان کی آخری رسومات راجکوٹ میں ادا کی جائیں گی۔
محکمہ صحت سے وابستہ ایک افسر نے بتایا کہ اب تک 32 لاشوں کی شناخت ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہو چکی ہے، جب کہ 12 کنبوں نے اب تک لاشوں کی دعویداری کی ہے۔ اس المناک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 275 ہو گئی ہے، جن میں سے 20 افراد کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے سپرد کی جا چکی ہیں۔ ان کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
لاشوں کو ان کے آبائی مقامات تک پہنچانے کے لیے ریاستی حکومت نے ایک جامع نظام تشکیل دیا ہے۔ اب تک 230 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مہلوکین کے رشتہ داروں سے براہ راست رابطے میں ہیں۔ 192 ایمبولنس اور دیگر گاڑیاں اسٹینڈ بائی پر ہیں تاکہ لاشوں کو بروقت اور حفاظت کے ساتھ منتقل کیا جا سکے۔ حکومت نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ لاشوں کو اہل خانہ کے گھروں تک پہنچانے کے لیے کوئی بھی فیس یا چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی شہریوں کے 11 اہل خانہ بھی آج احمد آباد پہنچنے کی امید ہے تاکہ اپنے عزیزوں کی شناخت کر سکیں۔
لاشوں کی شناخت اور دیگر طبّی جانکاری کے لیے احمد آباد سول اسپتال کی جانب سے ہر دو گھنٹے میں میڈیکل بلیٹن جاری کیا جا رہا ہے۔ اسپتال میں 590 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم 24 گھنٹے سرگرم عمل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ڈی این اے میچ ہو رہا ہے، ویسے ہی قانونی کارروائی مکمل کرکے لاشیں لواحقین کے حوالے کی جا رہی ہیں۔