بنگلورو، 14 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی):ملک بھر کے پسماندہ طبقات (او بی سی) کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کی غرض سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ایک اعلیٰ سطحی او بی سی مشاورتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کا پہلا اجلاس 15 اور 16 جولائی کو بنگلورو میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تقریباً 90 سرکردہ او بی سی کانگریسی قائدین شرکت کریں گے۔
اجلاس کا پہلا سیشن 15 جولائی کی شام 5 بجے کانگریس کے ریاستی دفتر (کے پی سی سی) میں ہوگا، جب کہ دوسرا سیشن 17 جولائی بروز بدھ صبح 10 بجے بنگلورو کے ہوٹل شانگریلا میں منعقد ہوگا۔
اس اہم اجلاس میں کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، مختلف ریاستوں کے سابق وزرائے اعلیٰ، سابق مرکزی وزراء، موجودہ و سابق وزرائے مملکت، ارکانِ پارلیمنٹ اور دیگر ممتاز او بی سی لیڈران کی شرکت متوقع ہے۔ کمیٹی میں رکن قانون ساز کونسل بی کے ہری پرساد اور سابق وزیراعلیٰ ایم ویرپا موئلی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس مشاورتی کمیٹی کی ذمہ داری آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے او بی سی سیل کو آئندہ پالیسی، اصلاحات اور ان پر عمل درآمد کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی اس پلیٹ فارم کے ذریعے ریاست کرناٹک میں مقبول او بی سی لیڈر سدارامیا کے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے قومی سطح پر او بی سی طبقات کو اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے ممتاز او بی سی قائدین میں اشوک گہلوت، بھوپیش بگھیل، وی نارائن سامی، سچن پائلٹ، گرو دیپ سنگھ سپل، ارون یادو، وجے واڈیٹوار، وی ہنومنت راو، امیت چاوڑا، مہیش کمار گوڑ، پونّم پربھاکر، ایس جوتیمانی، سری کانت جینا، کملیشور پٹیل، اجے کمار للو، سبھاشنی یادو، ادور پرکاش، دھانند سہو، ہینا کاوری اور ڈاکٹر انیل جیہند شامل ہیں۔
ڈاکٹر انیل جیہند کو اس مشاورتی کمیٹی کا کوآرڈینیٹر اور جتیندر بگھیل کو سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس کے خصوصی مدعوین میں کرناٹک کے وزراء مدھو بنگارپا، سنتوش لاڈ، این ایس بوسراجو، منکال وئیدیا، اور سریش بایرتی شامل ہوں گے۔