بھٹکل 13 جون (ضیاء الرحمن/ ایس او نیوز)عصری تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کا شعبہ شروع کرتے ہوئے صرف تین سال کے قلیل عرصے میں حفظِ قرآن کی تکمیل ایک بہت بڑی نعمت اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی توفیق ہے۔ اس شعبے کو مزید منظم، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی مولانا اقبال نائطے ندوی، استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے کیا۔ وہ 13 جون 2026 بروز سنیچر نیو شمس اسکول کے ڈاکٹر ایم۔ٹی۔ حسن باپا ہال میں حفظِ قرآن کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے طلبہ، طالبات اور سرپرستوں کو خطاب کر رہے تھے۔
مولانا نے مزید کہا کہ قرآنِ مجید کو حفظ کرنا سنت ہے، جبکہ اسے سمجھنا اور اس پر عمل کرنا فرض ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عصری تعلیم کے نصاب میں ایسی منصوبہ بندی ہونی چاہیے کہ طلبہ اپنی تعلیم مکمل کرنے تک قرآنِ مجید کا مفہوم سمجھنے کے قابل ہو جائیں۔ انہوں نے حفظِ قرآن مکمل کرنے والے دونوں طلبہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔

اس موقع پر مولانا اقبال نائطے ندوی نے ختمِ قرآن کی تقریب انجام دی، جس کے بعد طلبہ کو مومنٹو، سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔اواضح رہے کہ انہوں نے اپنا حفظ استاد مولوی احمد فرقان رکن الدین کے پاس مکمل کیا۔
اسکول بورڈ چیرمین جناب نذیر احمد قاضی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید صرف برکت کی کتاب نہیں بلکہ حرکت اور انقلاب کی کتاب بھی ہے۔ یہ مُردہ دلوں کو زندہ کرتی اور غفلت میں سونے والوں کو بیدار کرتی ہے۔ قرآنِ کریم کی تلاوت و سماعت کے لیے شاندار محفلیں سجانے سے ہی اس کا حق ادا نہیں ہو جاتا، بلکہ اس پر غور و تدبر کرتے ہوئے دنیا کے سامنے اس کی عملی تعلیمات کا نمونہ پیش کرنا ضروری ہے۔حافظ عبدالماجد کی والدہ نے اپنے لختِ جگر کے حافظِ قرآن بننے پر دلی مسرت اور خوشی کا اظہار کیا۔
پروگرام کا آغاز سید ثابت بن مولانا سید قطب برماور کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ قرآنِ کریم کی مناسبت سے قرآنی تعلیمات پر مبنی نظم عزیزی عزیر اور سید سالف نے پیش کی۔ استقبالیہ ضیاء الرحمن رکن الدین نے پیش کیے، جبکہ نظامت اور کلماتِ تشکر مولوی سینئر استاد مولوی عبداللہ ربیع خلیفہ ندوی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
تقریب میں اسکول بورڈ کے وائس چیئرمین مولانا سید قطب برماور ندوی، الکوثر گرلز کالج کے چیئرمین جناب سید شکیل ایس۔ایم، دعوت سینٹر کے صدر جناب سید صلاح الدین موجود تھے۔ سرپرستوں اور مہمانوں کی کافی تعداد کے ساتھ ساتھ طلباء میں موجود تھے۔