نئی دہلی، 31/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عآپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ کی اہلیہ انیتا سنگھ کے مبینہ طور پر دو ریاستوں میں ووٹر ہونے کے معاملے کی جانچ کرے۔ یادو کا کہنا ہے کہ انیتا سنگھ نے اپنے حلف نامہ میں اتر پردیش کے سلطان پور کی ووٹر ہونے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن ان کا نام دہلی کی ووٹر لسٹ میں بھی شامل ہے۔ اس تنازعہ کے درمیان، سنجے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے دہلی کی ووٹر لسٹ سے اپنی اہلیہ کا نام کٹوانے کا الزام عائد کیا ہے اور نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالنے کے بعد کی ان کی ایک تصویر بھی جاری کی ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ خود کو نام نہاد ایماندار کیجریوال کے سپاہی کہنے والے سنجے سنگھ اپنی حالت کو واضح کریں۔ اگر ان کی بیوی نے دہلی کا ووٹر ہوتے ہوئے ووٹ کیا ہے تو پھر انیتا سنگھ نے حلف نامہ میں سلطان پور، اتر پردیش کا ووٹر ہونے کی بات کیوں لکھی؟ اگر ایسا ہے تو یہ غیر قانونی ہے۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو قصورواروں کو سزا دینے کے لیے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور عآپ کے لیڈران پوروانچل و روہنگیا پناہ گزینوں کے ووٹ کٹوانے کی سیاست کر کے دہلی والوں کی توجہ دہلی کے رکے ہوئے کاموں اور موجودہ مسائل سے ہٹانے کا ڈرامہ کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ایک انتخاب کے آخری وقت تک ووٹ بنتا ہے تو کیوں سنجے سنگھ موضوعِ بحث بن کر لوگوں کی توجہ اپنی پارٹی کی طرف کھینچ رہے ہیں۔