نالا سوپارا، 22 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) مہاراشٹر کے نالا سوپارا کے کلنب بیچ پر پیر کی صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب سمندر کے کنارے ایک بڑا کنٹینر بہہ کر آتا ہوا دکھائی دیا۔ صبح کی سیر پر نکلے شہریوں نے جب اس دیو ہیکل کنٹینر کو دیکھا تو فوراً ارنالا پولیس کو اطلاع دی۔
موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش شروع کرتے ہوئے کنٹینر پر درج HPCU 488919 نمبر کی نشاندہی کی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ کنٹینر کس شپنگ کمپنی کا ہے اور اس کے اندر کیا سامان موجود ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے پیش نظر مکمل جانچ کے بغیر کنٹینر کو نہیں کھولا جائے گا۔
ساتھ ہی پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ کنٹینر سمندر میں کس سمت سے بہتا ہوا کلنب بیچ تک پہنچا۔ مقامی لوگوں میں اس واقعے کو لے کر تجسس اور تشویش دونوں کا ماحول ہے، کیونکہ اتنے بڑے کنٹینر کا یوں اچانک سمندر سے آ جانا غیر معمولی واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔