نئی دہلی ، 28/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) اتراکھنڈ میں ہری دوا ر کے منسا دیوی مندر میں اتوار کو بھگدڑ مچنے سے 8 افراد ہلاک اور کم از کم 35عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ بھگدڑ مندر کی طرف جانے والی سڑک کی سیڑھیوں پر مچی۔اس کی مختلف وجوہات بتائی جارہی ہیں۔کوئی کہہ رہا ہے کہ سیڑھیوں پر کرنٹ پھیلنے کی افواہ کی وجہ سے بھیڑ میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی اور کسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شدید بھیڑ میں ایک عقدیت مند کا پیر پھسل گیا جس کے بعد بھگدڑمچ گئی۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ساون کے مہینہ کی وجہ سے ہری دوار کے بیشتر مندروں میں عقیدت مندوں کی زبردست بھیڑہوتی ہے۔
بتایاجارہاہے کہ صبح ساڑھے 8 بجے جب بھگدڑ مچی اس وقت مندر میں 5 ہزار سے زائد عقیدتمند موجود تھے۔ اطلاع کے مطابق انتظامیہ، پولیس اور طبی ٹیمیں بروقت موقع پر پہنچ گئی تھیں۔بھگدڑ کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے مجسٹریٹ انکوائری کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ میو ردکشت نے بتایاکہ ابتدائی معلومات، بھگدڑ کی جگہ، اور عینی شاہدین کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ منسا دیوی مند کے طرف جانے والی سیڑھیوں پر بجلی کا کوئی کرنٹ نہیں تھا مگر کرنٹ کی افواہ کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب کسی نے مبینہ طور پر راستے میں کرنٹ ہونےکے بارے میں شور مچایا۔