بھوپال ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے جہانگیر آباد علاقے میں گاڑی پارک کرنے کے تنازع نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ پرانی غلہ منڈی میں پیش آئے اس واقعے میں دو گروہوں کے درمیان جم کر جھڑپ ہوئی، جس میں لاٹھی ڈنڈے اور تلواروں کا کھلم کھلا استعمال کیا گیا۔ دونوں طرف سے شدید پتھراؤ بھی ہوا، جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے دونوں فریق کو منتشر کیا۔ جھگڑے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ 2 روز پہلے گاڑی کھڑی کرنے کے متعلق دو فریق میں جھگڑا ہوا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس میں مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔ منگل کی صبح جب وہ دوبارہ محلہ میں آیا تو اسے دیکھ کر لوگ بھڑک گئے۔ دوسرے فریق کے لوگوں نے ملزم کو گھیر لیا۔ اس کے بعد ملزم فریق کے لوگ بھی لاٹھی ڈنڈا لے کر پہنچ گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں فریق میں لاٹھی ڈنڈے چلنے لگے اور پتھراؤ شروع ہو گیا۔ اسی دوران ایک فریق کے لوگوں نے سڑک پر تلواریں لہرانی شروع کر دیں۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں واضح طور پر نظر آ رہا ہے کہ دونوں فریقین کس طرح آپس میں لڑ رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے واقعہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس ویڈیو میں نظر آ رہے لوگوں کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے واردات میں شامل لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ امن و امان کو خراب کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ علاوہ ازیں پولیس نے 2 روز قبل پارکنگ کی وجہ سے جو جھگڑا ہوا تھا اس کی تفتیش بھی تیز کر دی ہے۔