ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / گواتیمالا میں خوفناک بس حادثہ: 51 افراد ہلاک، بچوں سمیت متعدد زخمی

گواتیمالا میں خوفناک بس حادثہ: 51 افراد ہلاک، بچوں سمیت متعدد زخمی

Tue, 11 Feb 2025 00:41:54    S O News
گواتیمالا میں خوفناک بس حادثہ: 51 افراد ہلاک، بچوں سمیت متعدد زخمی

گواتیمالا سٹی 10/فروری (ایس او نیوز):وسطی امریکہ کے ایک ملک گوتیمالا کے مضافات میں پیر کی صبحج پیش آئے ایک ہولناک حادثہ میں ایک مسافر بس پل سے گر کر تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 51 افراد ہلاک ہو گئے۔ 

میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب علی الصبح کئی گاڑیوں کے تصادم کے بعد بس پل سے نیچے جا گری، جس سے درجنوں مسافر ملبے میں دب گئے۔ امدادی کارکنوں نے شدید زخمیوں کو بس کے ملبے سے نکالا، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

رضاکار فائر فائٹر کے ترجمان آسکر سانچیز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

guatemala-bus-accident.jpg

یہ بس پروگریسو ڈپارٹمنٹ سے دارالحکومت آرہی تھی اور ایک مصروف شاہراہ پر سفر کر رہی تھی، جب یہ 35 میٹر گہرائی میں واقع ایک آلودہ ندی میں جا گری۔ بس الٹ کر پانی میں آدھی ڈوب گئی، جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گواتیمالا سٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کارلوس ہرنینڈیز کے مطابق، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 36 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں، جن کی لاشیں قریبی مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

گواتیمالا کے صدر برنارڈو اریوالو نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا اور فوج و آفات سے نمٹنے والی ایجنسیوں کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔

امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکام حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔


Share: