رائچور، 31 مئی (ایس او نیوز): پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے کرنول ضلع کے منترالیہ علاقے میں تُنگبھدرا ندی میں ایک کمسن لڑکی کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کے دوران پانچ افراد غرق ہوکر ہلاک ہوگئے۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی شام اُس وقت پیش آیا جب ایک گروپ ندی میں نہا رہا تھا۔ اسی دوران ایک لڑکی گہرے پانی میں چلی گئی اور ڈوبنے لگی۔ اسے بچانے کے لیے چند افراد فوری طور پر پانی میں کود پڑے۔ اگرچہ لڑکی کو بحفاظت بچا لیا گیا، تاہم اسے بچانے کی کوشش کرنے والے پانچ افراد تیز بہاؤ کی زد میں آکر ندی میں بہہ گئے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دس افراد تفریح کے لیے ندی کے کنارے پہنچے تھے، جن میں سے چھ افراد نہانے کے لیے پانی میں اترے۔ اسی دوران وہ گہرے پانی میں پھنس گئے۔ ایک لڑکی کو تو بچا لیا گیا، لیکن دیگر پانچ افراد، جن میں ایک پانچ سالہ لڑکا بھی شامل تھا، ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیموں اور مقامی غوطہ خوروں نے تلاش و بچاؤ کی کارروائی شروع کی۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد تمام لاشیں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت ستیش (35)، یوون چندرا (5)، راگھویندر (25)، دھنش (23) اور سندھیا (22) کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔