ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش و تباہی، 32 سے زائد اموات، کرناٹک میں ریکارڈ بارش

شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش و تباہی، 32 سے زائد اموات، کرناٹک میں ریکارڈ بارش

Sun, 01 Jun 2025 11:08:45    S O News

نئی دہلی، یکم جون (ایس او نیوز /ایجنسی) جون کا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور ملک بھر میں موسم کے بدلتے تیور نظر آ رہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں مانسون کی آمد سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تو کہیں جھلسا دینے والی گرمی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج دہلی، اتر پردیش، راجستھان، بہار، مدھیہ پردیش اور ہریانہ جیسے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے امکانات ہیں۔ دوسری طرف، شمال مشرقی ریاستوں میں مانسون سے پہلے کی بارش نے زبردست تباہی مچائی ہے۔ گزشتہ ایک دن میں شدید بارش اور اس سے جڑی حادثات کے سبب کم از کم 32  افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

شمالی بنگال اور میگھالیہ پر بنے کم دباؤ کے علاقے کی وجہ سے آسام، میزورم، میگھالیہ، ناگالینڈ، اروناچل پردیش اور مغربی بنگال میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ سیلاب، زمین کھسکنے اور مکانوں ہوٹلوں کے منہدم ہونے کی وجہ سے کئی لوگ مارے گئے ہیں اور کئی اب بھی لاپتہ ہیں۔

آسام میں زوردار بارش کے سبب کم سے کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ لکھیم پور ضلع میں رنگا ندی ڈیم سے زیادہ پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے دو لوگوں کی جان گئی ہے۔ گوہاٹی میں تین بچوں سمیت پانچ کی موت ہوئی ہے۔ بونڈا علاقے میں زمین کھسکنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی ہے۔ علاقائی موسم سائنس مرکز کے مطابق ریاست کے مغربی حصہ میں تین ضلعوں میں ریڈ الرٹ ہے اور آٹھ دیگر ضلعوں میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

وہیں اروناچل پردیش میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ہائی وے سے ہی ایک کار بہہ گئی جس میں کم سے کم 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ایسٹ کامینگ ضلع میں این ایچ-13 پر پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کار بہہ گئی۔ دوسری طرف میگھالیہ میں تین بچوں سمیت کم سے کم سات لوگوں کی موت ہو گئی۔ چیراپونجی اور ماسنرام میں ایک دن میں ہی 47 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ ناگالینڈ کے چوموکیدیما میں سڑک پر چٹان گرنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ میزورم میں گھر اور ہوٹل منہدم ہونے کی وجہ سے کم سے کم 6 لوگوں کی جان چلی گئی۔

کرناٹک میں بھی پری مانسون کی بارش نے 125 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا کی دفتر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپریل سے ریاست میں انتہائی پری مانسون کی بارش کی وجہ سے 71 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ریاست میں عام طور پر مئی میں 74 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن حقیقی بارش 219 ملی میٹر ہوئی جو اوسط معمول کی بارش سے 197 فیصد زیادہ ہے۔

راجدھانی دہلی کے موسم کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں اتوار کو جزوی طور سے بادل چھائے رہیں گے۔ تیز ہوا، آندھی اور گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے جھونکے کے ساتھ ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران تھوڑے وقت کے لیے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چل سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔


Share: