ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مالیگاؤں بم دھماکہ: سابق بی جے پی ایم پی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت تمام 7 ملزمان بری

مالیگاؤں بم دھماکہ: سابق بی جے پی ایم پی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت تمام 7 ملزمان بری

Fri, 01 Aug 2025 00:28:38    S O News
مالیگاؤں بم دھماکہ: سابق بی جے پی ایم پی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت تمام 7 ملزمان بری

ممبئی 31/جولائی (ایس اس نیوز) مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے تقریباً 17 برس بعد تمام ساتوں ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ بری ہونے والوں میں سابق بی جے پی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور لیفٹیننٹ کرنل پرساد  شری کانت پروہت شامل ہیں۔

2008 میں مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں ہوئے طاقتور بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ کیس میں پرگیہ ٹھاکر، لیفٹیننٹ کرنل پروہت، میجر (ریٹائرڈ) رمیش اپادھیائے، اجے راہیرکر، سمیر کلکرنی، سدھاکر چترویدی اور سدھاکر دھرویدی پر مجرمانہ سازش، قتل اور انسداد دہشت گردی قانون (یو اے پی اے) کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔

خصوصی عدالت کے جج اے کے لاہوتی نے فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو بے گناہ قرار دیا۔ اپنے ریمارکس میں جج لاہوتی نے کہا: “دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کیونکہ کوئی مذہب تشدد کی تعلیم نہیں دیتا۔”

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ الزام ثابت کرنے کے لیے ٹھوس اور قابلِ بھروسا شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت کے مطابق، اگرچہ ملزمان پر شبہات ضرور پائے گئے، لیکن محض شک کی بنیاد پر سزا نہیں دی جا سکتی۔


Share: