سری نگر ، 4/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)جموں و کشمیر کے باندی پورا ضلع میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز فوجی اہلکاروں کو لے کر جا رہی ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری، جس کی وجہ گاڑی کا پھسلنا بتایا جا رہا ہے۔ اس حادثے میں 2 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر 3 فوجی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس وقت جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے ایک افسر نے بتایا کہ شمالی کشمیر ضلع میں ’ایس کے پاین‘ کے پاس فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں اب تک دہشت گردی کے کسی بھی زاویہ کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ تاہم پولیس اور فوج حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح ہو کہ جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سڑک کے ذریعہ سفر کرنا کافی مشکل اور پُرخطر ہوتا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بار خوفناک سڑک حادثات ہو چکے ہیں جس میں کئی فوجی جوانوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ خاص طور سے سردیوں کے موسم میں کہرے کی وجہ سے یہ راستے سفر کرنے کے لحاظ سے اور خطرناک ہو جاتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی 24 دسمبر 2024 کو ایک فوجی گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری تھی۔ اس حادثے میں 5 فوجی جوانوں کی موت ہو گئی تھی اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ یہ المناک حادثہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بلنوئی میں پیش آیا تھا جو ایل او سی کے پاس ہی پڑتا ہے۔ اسی طرح کا ایک اور حادثہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں 4 نومبر 2024 کو پیش آیا تھا۔ فوجی جوانوں کو لے جا رہی ایک گاڑی پھسل کر کھائی میں گر گئی تھی۔ حادثہ میں ایک فوجی کی موت ہو گئی تھی جبکہ ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا تھا۔