نئی دہلی ، 24/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)ایران اور اسرائیل کے مابین جاری تناؤ کے پیش نظر، حکومتِ ہند نے دونوں ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ’آپریشن سندھُو‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے تحت اب تک ایران سے متعدد شہریوں کو کامیابی کے ساتھ وطن واپس لایا جا چکا ہے۔ منگل کی صبح اسرائیل سے 161 افراد پر مشتمل پہلا قافلہ بحفاظت دہلی پہنچا، جہاں ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ امور پبیترا مارگریٹا نے دہلی ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا۔ انہوں نے بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اسرائیل سے نکالے گئے 161 ہندوستانی شہریوں کے پہلے گروپ کا بحفاظت استقبال کیا۔ یہ گروپ تھوڑی دیر پہلے دہلی ایئرپورٹ پر پہنچا ہے۔‘‘
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ ’’آپریشن سندھُو کا اسرائیل مرحلہ 23 جون کو شروع ہوا، اور آج صبح 8:20 بجے یہ 161 افراد عمان، اردن سے نئی دہلی پہنچے۔ وزیر مملکت نے خود ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی جذبے کے تحت نہ صرف ایران بلکہ اسرائیل سے بھی شہریوں کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وطن واپس آنے والے ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’اسرائیل میں حالات انتہائی خراب ہو چکے تھے، لیکن ہندوستانی حکومت نے ہمیں وہاں سے بحفاظت نکالا، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔‘‘
ایک اور مسافر نے کہا، ’’جب ہم وہاں سے روانہ ہوئے تو امریکہ کے براہ راست حملے کے بعد حالات اور بھی سنگین ہو گئے تھے۔ میں خود یروشلم میں تھا، جہاں ایرانی حملے میں شدید نقصان ہوا۔‘‘
خیال رہے کہ ’آپریشن سندھُو‘ کے تحت ایران سے بھی متعدد ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت واپس لایا جا چکا ہے، اور اب اسرائیل میں پھنسے شہریوں کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید پروازوں کے ذریعے وہاں موجود ہندوستانی شہریوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
یہ آپریشن نہ صرف حکومت کی تیزی سے ردعمل کی صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ بیرون ملک مقیم شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اس کی سنجیدگی کا بھی ثبوت ہے۔