انکم ٹیکس ترمیمی بل پرراہل گاندھی نے مودی،سرکارکوگھیرا،شہیدفوجیوں کوخراجِ عقیدت نہ پیش کرنے پرتنقید
نئی دہلی، 30نومبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج حکومت پر الزام لگایا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے وہ کالا دھن جمع کرنے والوں کا تعاون کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب نصف غیر اعلانیہ دولت انہیں لوٹا دی جائے گی۔انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ حکومت نے پھر سے آدھا کالا دھن ذخیرہ اندوزوں کو لوٹا دیا ہے۔انکم ٹیکس قانون(دوسرا ترمیم)بل کل لوک سبھا میں منظور کیا گیا جس میں نوٹ بندی نافذ ہونے کے بعد کوئی بھی شخص ٹیکس ادا کرکے اپنا منی لانڈرنگ بنا سکتا ہے۔بل کے مطابق جو لوگ بینکوں کو کالا دھن کی معلومات دیں گے انہیں کیس اور جرمانے سمیت 50فیصد ٹیکس دیناہوگا۔لوک سبھا میں حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹٓ کے واک آؤٹ کے بارے میں راہل نے کہا کہ پارلیمنٹ میں روایت ہے کہ جب بھی کسی کا انتقال ہوتا ہے تو ہم احترام کرتے ہیں،پہلی بار شہید ہونے والے فوجیوں (نگروٹا حملے کے)کو خراج عقیدت پیش نہیں کیاگیا،اس لئے اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا۔جموں میں فوج کے کیمپ پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اپوزیشن کی مانگ کو لوک سبھا صدر کی طرف سے مسترد کرنے کے بعد اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ سے باہر چلے گئے۔صدر نے اس بنیاد پر خراج عقیدت دینے سے انکار کیا کہ ابھی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہے۔
راہل کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کی دفاع سے منسلک مسائل پر کانگریس سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر نے مطلع کیا کہ نگروٹا میں سخت تلاشی مہم چل رہی ہے،مہم ختم ہوتے ہی ایوان میں فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ ملک کے لوگ ایسی اوچھی سیاست سے نفرت کرتے ہیں۔کانگریس سوال کے دوران باہر چلی گئی اور پھر واپس آئی، کانگریس نہ تو بحث چاہتی ہے نہ ہی ایوان چلنے دینا چاہتی ہے کیونکہ انہیں اپنا بھانڈا پھوٹنے کا ڈر ہے۔یہ نگروٹا کے شہیدوں کی توہین ہے۔