شرومنی، بی جے پی اور آپ نے آشاکماری کی نامزدگی پر کانگریس پر کیا حملہ، امریندر نے کیا دفاع
چندی گڑھ27جون(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)حکمراں شرومنی اکالی دل اور بی جے پی اور آپ نے آشاکماری کو کانگریس میں پنجاب کا انچارج بنانے کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے پاس صاف شبیہ کے لیڈروں کا سخت فقدان ہے۔پنجاب بی جے پی صدر وجے ساپلا نے کہاکہ لگتا ہے کہ کانگریس کے پاس صاف شبیہ کے لیڈروں کا قحط ہو گیا ہے۔اس سے پہلے پارٹی نے کملناتھ کو پنجاب کا انچارج بنایاتھاجنہوں نے 1984سکھ مخالف فسادات میں کردارکیلئے عہدہ چھوڑ دیا۔اب پارٹی نے دوسری لیڈر آشا کماری کومقررکیا ہے جنہیں زمین قبضہ کیس میں مجرم ٹھہرایاگیاہے۔بہر حال کانگریس لیڈر امریندر سنگھ نے پنجاب اے آئی سی سی سیکرٹری انچارج کے طور پرآشاکی نامزدگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پوری ذمہ داری سے ان کے نام کی حمایت کی اور ان کی تقرری کی تنقید کیلئے اپوزیشن جماعتوں پرحملہ کیا۔ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے تیار ہو رہی عام آدمی پارٹی نے بھی کانگریس پر طنز کیا۔آپ کے سینئر لیڈر اور پنجاب میں پارٹی امور کے انچارج سنجے سنگھ نے الزام لگایاکہ اس سے لگتا ہے کہ پنجاب میں پارٹی کی قیادت کیلئے بے داغ شبیہ والے شخص کی تلاش میں کانگریس پوری طرح دیوالیہ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ لگتا ہے پارٹی کے پاس بدعنوان یا داغدار رہنماؤں پر ذمہ داری ڈالنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے جن کا یا تو سکھ قتل عام میں ہاتھ رہا ہے یا پھر زمین پرقبضہ کیلئے عدالت کی جانب سے مجرم ٹھہرائے گئے ہیں۔