نئی دہلی،30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘میں اتوار کو ملک سے خطاب کرتے ہوئے 2017سے 2022تک کا ایجنڈا دیا۔پی ایم مودی نے ہم وطنوں سے کہا کہ بھارت چھوڑو تحریک کی 75ویں سالگرہ پر گندگی، غربت، کرپشن، دہشت گردی، نسل پرستی، فرقہ واریت کو چھوڑنے کاعہدکریں۔
خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرے پیارے ہم وطنو، پھر ایک بار یاد کرتا ہوں اگست انقلاب کو، پھر ایک بار یاد کرا رہا ہوں 9اگست کو۔اس کے علاوہ پی ایم مودی نے ملک کے کئی علاقوں میں آئے شدید سیلاب پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جب یہ قدرتی آفت آتی ہے تو بہت ایجنسیاں اور رضاکار تنظیمیں اس بحران کو دور کرنے میں اپنا تعاون دیتی ہیں۔مودی نے اتوار کو اپنے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘میں کہا کہ سیلاب کے دوران سرکاری ایجنسیاں، ہندوستانی فوج، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس، نیم فوجی طاقت سمیت ہر کوئی آفت متاثرین کی مدد میں جی جان سے جٹ جاتا ہے۔