شمال مشرق جیسے ناگالینڈاورمیزورم کے لوگ بھی اس کی مخالفت کریں گے:اویسی
حیدرآباد،27اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آل انڈیااتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے زور دے کر کہا ہے کہ یکساں سول کوڈ(یوسی سی)صرف مسلمانوں سے منسلک مسئلہ نہیں ہے بلکہ شمال مشرق کے کچھ علاقوں کے لوگ بھی اس کی مخالفت کریں گے۔انہوں نے بی جے پی پر ملک کی گنگاجمنی تہذیب اور تنوع کے تانے بانے کو ختم کرنے کا الزام لگایا۔حیدرآباد سے لوک سبھا رکن اویسی نے یہاں کہاکہ یکساں سول کوڈ صرف مسلمانوں سے منسلک مسئلہ نہیں ہے،یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا شمال مشرق کے لوگ بھی مخالفت کریں گے، خاص طور پر ناگالینڈ اور میزورم کے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو ہندوستان کے بہت سے لوگوں کو تشویش میں ڈال دے گا یہ ہندوستان کے کثرت اور تنوع سے منسلک ہے جسے بی جے پی ختم کر دینا چاہتی ہے۔اویسی نے الزام لگایاکہ بی جے پی خودکو مسلمانوں کو دشمن کے طور پر دکھانا چاہتی ہے تاکہ وہ اس معاملے پر پولرائزیشن کر سکے۔یوسی سی کے معاملے پر لوگ ان کے کھیل کو سمجھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندو غیر منقسم خاندان کا فائدہ عیسائیوں اور مسلمانوں کو کیوں نہیں دیا گیا؟ مرکزی وزیر ایم ویکیا نائیڈو کہتے ہیں کہ ہندوستان میں مذہب کی بنیاد پر قانون نہیں ہونا چاہئے تو یہ ہندو غیر منقسم خاندان، ہندو میرج ایکٹ، ہندو وراثت قانون کیا ہے؟ یہ سب کیا ہے؟ ۔متنازعہ یوسی سی معاملے پر اپنی مشاورت کو اور توسیع دیتے ہوئے لاء کمیشن نے تمام قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں سے اپنے خیالات اور منصوبے شیئر کرنے کو کہا تھا، ساتھ ہی اس موضوع پر بحث کے لئے ان کے نمائندوں کو مدعو کرنے کی منصوبہ بندی دینے کو بھی کہا تھا۔اس موضوع پر پینل نے تمام جماعتوں کو سوالنامہ بھیج کر 21نومبر تک ان سے ان کے خیالات مانگے ہیں۔شہری ترقی، معلومات ونشریات کے وزیر ویکیا نائیڈو نے کہا تھا کہ یوسی سی کو پچھلے دروازے اور اتفاق رائے کے بغیر نہیں لایا جائے گا۔