اناؤ (اتر پردیش)،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اترپردیش ضلع میں موتیابند کے 32مریضوں کا ٹارچ کی روشنی میں آپریشن کئے جانے کی خبروں کے بعد آج ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او)کو معطل کر دیا گیا۔اتر پردیش کے وزیر صحت سدھارتھناتھ سنگھ نے کہاکہ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریاستی حکومت نے فوری کارروائی کی اور سی ایم او راجندر پرساد کو معطل کر دیا۔سنگھ نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، جہاں موتیابند مریضوں کا آپریشن کیا گیا ان کے کے انچارج کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔محکمہ صحت نے پورے معاملے کی رپورٹ مانگی ہے۔خبروں کے مطابق نواب گنج کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پر کل موتیابند مریضوں کے آپریشن ہوئے تھے۔علاقے کے 32 موتیابند مریضوں کوٹارچ کی روشنی میں آپریشن کیا گیا اور مریضوں کو شدید سردی میں زمین پر لٹا دیاگیا۔آپریشن کے وقت قصبے میں نہ تو لائٹ تھی اور نہ ہی جنریٹر کا انتظام کیا گیا تھا۔اعلیٰ طبی افسر راجندر پرساد نے پہلے بتایا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ایک ادارے کی کمی سامنے آئی ہے۔اسے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔پرساد نے بتایا تھا کہ انچارج ضلع مجسٹریٹ نے بھی اس معاملے میں جانچ کا حکم دیا ہے۔