نئی دہلی، 5؍ ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے دوسرے صدر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے یوم پیدا ئش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے اساتذہ سے جڑے واقعے کو شیئر کیا کریں۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیاہے کہ وزیر اعظم نریدر مودی نے یومِ اساتذہ کے موقع سبھی اساتذہ کی لگن اور عزم کو سلام کیا ہے۔وزیر اعظم نے ہندوستان کے سابق صدر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔غورطلب ہے کہ ان کے یوم پیدا ئش کو ہندوستان میں ٹیچرس ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔جی- 20اجلاس میں حصہ لینے کے لیے چین کے ہانگ جھو گئے وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیاکہ یومِ اساتذہ کی نیک خواہشات۔ہندوستان ملک کی تعمیر میں سب سے زیادہ کردار اداکرنے والے تمام اساتذہ کی لگن اور عزم کوسلام کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ کئی ذہنوں کو سنوارنے والے اور ہندوستا ن کی خدمت کرنے والے دانشور،صاحب بصیرت اور معزز استاد ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کو خراج عقیدت ۔آپ کے استاد نے آپ کو کس طرح متاثرکیا۔ اپناقصہ شیئرکریں اوراس کو بھی پڑھیں کہ دوسروں نے اپنے اساتذہ کے بارے میں کیا لکھا ہے۔