ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور: لِنگن مکّی ڈیم سے کل چھوڑا جائے گا پانی -دیہاتوں میں سیلاب آنے کا امکان ، جاری کیا گیا ہے الرٹ

ہوناور: لِنگن مکّی ڈیم سے کل چھوڑا جائے گا پانی -دیہاتوں میں سیلاب آنے کا امکان ، جاری کیا گیا ہے الرٹ

Wed, 31 Jul 2024 13:35:01    S.O. News Service

ہوناور 31 / جولائی (ایس او نیوز) مغربی گھاٹ سیکشن میں زبردست بارش کی وجہ سے لِنگن مکّی ڈیم میں جمع پانی کی سطح اپنی گنجائش کی حد کو چھونے کے قریب پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے کل یکم اگست کو اس ڈیم کے کرسٹ گیٹ کو کھولتے ہوئے 10 ہزار کیوسیکس پانی باہر چھوڑنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس خبر سے شراوتی ندی میں سیلاب کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔

    معلوم ہوا ہے کہ 30 جولائی کو لنگن مکّی آبی ذخیرے میں پانی کی سطح 1811.25 فٹ کو پہنچ گئی  تھی ، جبکہ آج 31 کو یہ سطح 1814 فٹ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ اس وقت وہاں روزانہ اندر داخل ہونے والے پانی کی مقدار 89500 کیوسیکس ہے ۔  ایسے میں ریاست کے مختلف حصوں میں  بھاری بارش جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آنے والے تین دنوں کے لئے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا ہے ، اس پس منظر میں ڈیم کے اندر داخل ہونے والے پانی کی مقدار روزانہ 80 ہزار سے 90 ہزار کیوسیکس تک پہنچ جائے گی ۔  

ایسے حالات میں  کل یکم اگست کو صبح 10 بجے ڈیم کے گیٹ کھولے جانے اور 10 ہزار کیوسیکس پانی  کوباہر چھوڑ نے  کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  ڈیم کے اندر داخل ہو رہے پانی کی مقدار کو  دیکھتے ہوئے باہر چھوڑے جانے والے پانی کی مقدار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    کے پی سی ایل کی طرف سے جاری الرٹ کے مطابق لنگن مکّی ڈیم سے چھوڑا گیا پانی گیروسوپّا ڈیم میں پہنچے گا جہاں آبی ذخیرے کی گنجائش کم ہے اس لئے اضافی پانی ندی میں چھوڑ دیا جائے گا ۔ اس وجہ سے ڈیم کے نشیبی علاقے میں جو لوگ آباد ہیں ان کے لئے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ لہٰذا عوام  کے لئے ضروری ہے کہ وہ  اپنے جان و مال کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اخیتار کریں۔

    خیال رہے کہ کے پی ٹی سی ایل نے اس سے پہلے اس تعلق سے دو پیشگی الرٹ جاری کیے تھے اور لوگوں کو متوقع خطرے سے آگاہ کیا تھا ۔ 


Share: