ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے باوجود یو اے ای سے بٹومین لدا جہاز کاروار بندرگاہ پہنچ گیا

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے باوجود یو اے ای سے بٹومین لدا جہاز کاروار بندرگاہ پہنچ گیا

Sun, 15 Mar 2026 19:28:04    S O News
مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے باوجود یو اے ای سے بٹومین لدا جہاز کاروار بندرگاہ پہنچ گیا

کاروار 15/مارچ (ایس او نیوز): مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور سمندری راستوں میں درپیش رکاوٹوں کے باوجود متحدہ عرب امارات سے بٹومین لدا ایک جہاز ضلع اُترکنڑا کی کاروار تجارتی بندرگاہ پر بحفاظت پہنچ گیا ہے۔ بندرگاہ حکام کے مطابق اس جہاز کی آمد کو موجودہ حالات میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

بندرگاہ کے ذرائع کے مطابق ’’چینگ ایکس‘‘ نامی بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی خور فکّان بندرگاہ سے تقریباً 3,115 میٹرک ٹن بٹومین لے کر کاروار کے لیے روانہ ہوا تھا اور طویل سفر کے بعد یہاں لنگر انداز ہوا۔

یہ جہاز 3 مارچ کو خور فکّان سے روانہ ہوا تھا۔ راستے میں خراب موسمی حالات اور سمندر میں تیز لہروں کے باعث سفر متاثر ہوا اور جہاز کو تقریباً نو دن تک سمندر میں سفر کرنا پڑا، جس کے بعد وہ 12 مارچ کو کاروار بندرگاہ پہنچ گیا۔

بندرگاہ حکام کے مطابق عام حالات میں کاروار بندرگاہ پر ہر ماہ اوسطاً 5 سے 8 بٹومین بردار جہاز پہنچتے ہیں، یعنی ہفتہ میں کم از کم دو جہاز لنگر انداز ہوتے ہیں۔ تاہم بین الاقوامی سطح پر جاری جنگی صورتحال کے باعث جہازوں کی آمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
مارچ کے آغاز میں ایک جہاز کے پہنچنے کے بعد طویل وقفے کے بعد اب دوسرا جہاز بندرگاہ پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہازوں کی آمد میں اس کمی کے سبب کاروار بندرگاہ کو ماہانہ تقریباً 60 سے 80 لاکھ روپے تک آمدنی کے نقصان کا خدشہ ہے۔

بٹومین کیا ہے؟
بٹومین خام تیل کی ریفائننگ کے آخری مرحلے میں حاصل ہونے والا ایک ذیلی مادہ ہے جسے عام طور پر ڈامر بھی کہا جاتا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر میں اس کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس کی آبی مزاحم خصوصیات سڑکوں کو مضبوط بنانے اور پانی سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ جدید ریفائنریوں میں اسے بڑی مقدار میں تیار کیا جاتا ہے۔


Share: