ہوناور 25/ جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں لنگن مکّی آبی ذخیرے میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کی طرف بڑھنے لگی ہے جس کی وجہ سے شراوتی ندی کے دونوں کناروں پر بسنے والوں کے لئے چوکنا رہنےکا پہلا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں مسلسل اور بھاری مقدار میں بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے پانی بڑے پیمانے پر لنگن مکی آبی ذخیرے کی طرف بہہ رہا ہے۔ اس سے آبی ذخیرے میں پانی کی سطح روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کل بدھ کے دن لنگن مکّی آبی ذخیرے میں پانی کی سطح 1801 فٹ تک پہنچ گئی تھی جبکہ وہاں قابل برداشت پانی کی زیادہ سے زیادہ سطح 1819 فٹ ہے ۔ یعنی اس وقت آبی ذخیرے میں 65.30% پانی بھر چکا ہے جو 60,000 کیوسیکس سے زیادہ ہے۔
اگر یہ بہاو اسی طرح جاری رہا تو جلد ہی آبی ذخیرے کی سطح زیادہ سے زیادہ گنجائش کی حد تک پہنچ جائے گی۔ اس وجہ سے ڈیم کی حفاظت کے پیش نظر اضافی پانی کوندی میں چھوڑنا ناگزیر ہو جائے گا۔ اگرچہ ذخیرے کی گنجائش پوری ہونے میں ابھی 19 فٹ پانی کم ہے مگر مزید 16 فٹ پانی جمع ہوتے ہی ڈیم سے پانی خارج کرنے کی کارروائی شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اگر شیموگہ ضلع میں اسی پیمانے پر برسات ہوتی رہی تو اگست کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں ڈیم سے پانی چھوڑنے کی ضرور پیش آئے گی۔ اس لئے آبی ذخیرے کے اطراف اور شراوتی ندی کے دونوں کناروں پر بسنے والوں کو اپنے جان و مال اور مویشیوں کے تعلق سے محتاط اور چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔