نئی دہلی،21؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی فٹ بال کوچ اسٹیفن کانسٹین ٹائن کا خیال ہے کہ گھریلو کھلاڑیوں انڈین سپر لیگ(آئی ایس ایل)سے کافی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ وہ بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں گے اور بہترین غیر ملکی کوچز سے ٹریننگ لیں گے۔سال 2014سے شروع ہوئی آئی ایس ایل نے بہت سے ایسے بین الاقوامی کھلاڑیوں کواپنی جانب متوجہ کیا کیا ہے جو دنیا کے چند بہترین لیگ میں کھیل چکے ہیں اور کانسٹین ٹائن کا خیال ہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو ان سے کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا۔کانسٹین ٹائن سے جب آئی ایس یل سے ہندوستانی فٹ بال پر پڑنے والے مثبت اثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ مثبت اثر غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے تجربے کو اشتراک کرنا ہے، آپ اسے معلومات کا تبادلہ کہہ سکتے ہیں۔کہیں اونچی سطح پر کھیل چکے بہت سے غیر ملکی کھلاڑی آئی ایس ایل میں کھیلنے کے لیے ہندوستان آ رہے ہیں۔وہ یہاں اپنے تجربے کو شیئر کرنے کے لیے ہیں اور وہ اس کو مثبت طریقہ سے کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب یہ ہندوستانی کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ کتنا کچھ حاصل کرتے ہیں۔یہ بہترین موقع ہے اور ایک کھلاڑی کو اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے ۔آپ کو ہر دن ایسا موقع نہیں ملے گا۔