نئی دہلی،10 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) ہندوستان اور نیپال نے دونوں ممالک کے مابین ہوائی سروس دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ فی الحال ہر روز صرف ایک ہی پرواز دونوں طرف سے چلے گی۔ ہندوستان سے صرف ایئر انڈیا کی پرواز ہی کاٹھمانڈو کے لئے پرواز کرے گی۔
ہندوستانی، نیپالی، او سی آئی / پی آئی او اور ہندوستانی ویزا والے مسافروں کو اس طیارے میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ سیاحتی ویزا رکھنے والے مسافروں کو فی الحال انتظار کرنا پڑے گا، انہیں اس کے تحت سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ فلائٹ سروس کے تحت تمام میڈیکل پروٹوکول کے ساتھ ایئرببل کا آغاز ہوگا۔ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بعد ہوائی خدمات کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔
وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان اور نیپال نے دوطرفہ انتظامات کے تحت ہوائی سروس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جیسا کہ ہم نے بہت سے ممالک کے ساتھ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم نے کچھ عرصہ قبل نیپال کو ایک تجویز پیش کی تھی اور ہندوستانی خارجہ سکریٹری کے دورے کے بعد نیپال نے اب اس کی منظوری دے دی ہے۔
خارجہ سکریٹری نے اپنے حالیہ دورے کے دوران نیپال کے ساتھ ہندوستان کے خصوصی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا اور اسے لوگوں کے لئے ضروری قرار دیا تھا۔