میسورو، 20/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عالمی شہرت یافتہ میسور ودسہرہ تہوار کے تحت سَتگلی میں وی ٹی یو کالج کے قریب منعقدہ روایتی کھیل کمبلا کے مقابلوں کا وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، وقف اور حج یو ٹی قادر نے بھی شرکت کی اور بھینسوں کی سنسنی خیز دوڑ کا مشاہدہ کیا۔
ساحلی کرناٹک کی مٹی میں پروان چڑھنے والا روایتی کھیل کمبلا اس بار میسور وکی سرزمین پر منعقد ہونا ریاست کی ثقافتی روایات کے فروغ کی ایک اہم مثال ہے۔ مقابلوں کے دوران بھینسوں کی تیز رفتار دوڑ نے وہاں موجود شائقین میں جوش و خروش پیدا کیا۔
یو ٹی قادر کے مطابق، میسور ودسہرہ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ساحلی علاقوں سے لے کر ریاست کے دیگر حصوں تک، مختلف خطوں کے فن، ثقافت اور کھیلوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا جاتا ہے۔ کمبلا جیسے روایتی کھیل کو دسہرہ کا حصہ بنانا کرناٹک کی متنوع ثقافتی وراثت کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔
اس موقع پر میسور وضلع کے انچارج وزیر ڈاکٹر یتیندرا سدارامیا، چامراج نگر ضلع کے انچارج وزیر سی پٹّا رنگا شیٹی، ہنسور کے رکن اسمبلی جی ڈی ہریش گوڑا، ننجنگڈھ کے رکن اسمبلی درشن دھرو نارائن، پُتّور کے رکن اسمبلی اور دسہرہ کمبلا کے محرک اشوک کمار رائے، قانون ساز کونسل کے رکن کے شیوکمار، کرناٹک اسٹیٹ کمبلا ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر دیوی پرساد شیٹی اور میسورو دسہرہ کمبلا ذیلی کمیٹی کے صدر روی راج سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
اس تاریخی مقابلے کو میسورو میں منعقد کرنے کے لیے اشوک کمار رائے، ڈاکٹر دیوی پرساد شیٹی، میسورو دسہرہ کمبلا ذیلی کمیٹی، مختلف کمبلا کمیٹیوں، بھینسوں کے مالکان، دوڑ میں حصہ لینے والے افراد اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا گیا۔