چنئی، یکم نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تمل ناڈومیں16؍مئی کو ہوئے اسمبلی انتخابات میں وزیراعلیٰ جے للتا کے خلاف الیکشن ہارنے والی آزاد امیدوار کی اس انتخابی نشست کوغلط قرار دینے کا مطالبہ والی پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ نے آج عدالت کی رجسٹری کوریاست کے چیف الیکشن آفیسر(سی ای او)کو نیا نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔درخواست گزار جی پروینا نے جے للتا کے انتخاب کو چیلنج دیتے ہوئے 18؍اگست کو ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا جس کے بعد عدالت نے سی ای او کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔پروینا نے آج عدالت کو بتایا تھا کہ سی ای او کو اب تک نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے جس کے بعد عدالت نے انہیں نیا نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔درخواست گزار نے وزیر اعلی کے صحت مند ہونے تک معاملہ ملتوی کرنے کے لیے عدالت سے ہدایت دینے کی اپیل کی تھی لیکن جے للتا کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ اس کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ ان (جے للتا )کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پروینا نے دلیل دی کہ آئین کے آرٹیکل 14کے تحت فراہم کردہ مساوات کے ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے ان کی شکایات پر کارروائی نہیں کی اور انہوں نے آر کے نگر میں نئے سرے سے الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں ہدایت دینے کا مطالبہ بھی کیا ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ علاقے کے الیکشن افسر نے انہیں انتخابی مہم کے لیے جانے تک کی اجازت نہیں دی تھی، ساتھ ہی انہیں تشہیر کے لیے گاڑی کے استعمال کی بھی ممانعت تھی۔