بریلی،8؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کے بریلی ضلع میں ایک بارات بغیر کھانا کئے لوٹ گئی، کیونکہ دولہن والے کھانے میں گوشت خوری کا انتظام نہیں کرپائے تھے۔دراصل، بھوج پوراا تھاناکے ایک گاؤں میں جمعہ کو حامد علی انصاری کی بیٹی کی شادی تھی۔تمام کوششوں کے باوجود وہ شادی کی دعوت میں گوشت کاانتظام نہیں کرسکے۔حالانکہ انہوں نے مٹر پنیر، دال مکھنی،مشروم کے علاوہ کئی طرح کی سبزیاں اور مٹھائی کا انتظام کیا تھا، لیکن باراتیوں نے سبزی کھانے سے انکار کر دیااوربغیرکھائے واپس لوٹ گئے۔کچھ باراتیوں نے ناراضگی بھی ظاہرکی۔بریلی اور اس کے ارد گردکے شہروں میں مذبح میں تالابندی اوریوپی میں مستقل ہراساں کیے جانے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں گوشت کی دکانیں بندہیں۔شہر میں گوشت کی قیمتیں چار گنا سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔اس کی وجہ سے تمام کوششوں کے باوجودو دلہن والے گوشت کاانتظام نہیں کر سکے۔اس دوران میونسپل نے گوشت دکان کے لائسنس کی تجدید کی ایپلی کیشنز کی جانچ شروع کر دی ہے۔چھٹی کے دنوں میں بھی شہرکمشنر شیلندھر یادونے دفترمیں میٹنگ کی۔انہوں نے ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت کے مطابق تجدید لائسنس کی اطلاع طے وقت پر دینے کو کہا۔ادھر پولیس کی طرف سے سرٹیفکیٹ دینے میں دیرکرنے پرگوشت فروشوں نے بریلی کے سینئرپولیس سپرنٹنڈنٹ جوگیندر کمار سے شکایت کی۔کمارنے فوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کاحکم دیاہے۔