جے پور ،22؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )راجستھان حکومت نے گوجر، بنجارہ، گاڈیا لوہار، رائیکا اور گڈریا ذاتوں کو دیگر پسماندہ طبقہ(او بی سی) کے علاوہ زیادہ پسماندہ طبقے کے تحت اور ایک فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر راجندر راٹھوڈ نے آج یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ سے کل سرکلر کے ذریعے منظوری ملنے کے بعد اسے گورنر کی منظوری کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔گورنر سے منظوری ملنے کے بعد ان پانچ ذاتوں کو انتہائی پسماندہ طبقہ مانتے ہوئے ایک فیصد الگ سے ریزرویشن دینے کی نوٹیفکیشن جاری کی جائے گی۔ان نسلوں کو پسماندہ طبقے میں سابقہ ملنے والا ریزرویشن پہلے کی طرح ملتا رہے گا۔راٹھور نے کہا کہ ان پانچ ذاتوں کو انتہائی پسماندہ طبقہ میں طے شدہ حد پچاس فیصد کے اندر ہی دیا جائے گا۔ادھر راجستھان گوجر سنگھرش سمیتی کے بانی رکن ڈاکٹر روپ سنگھ نے حکومت کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے ہم لوگوں کو راحت ملے گی لیکن ہمارا اصل مطالبہ ایس ٹی میں شامل کرنے اور ریزرویشن کے جواز درجہ بندی کا مطالبہ ویسے ہی ہے۔ غور طلب ہے کہ راجستھان اسمبلی کے سیشن میں حکومت نے ایک بل پیش کرکے گوجر، بنجارہ، گاڈیا لوہار، رائیکا اور گڈریا کو دیگرپسماندہ طبقات کے لوگوں کے ساتھ ریزرویشن دینے کے لیے ریزرویشن 21 فیصد سے بڑھا کر 26 فیصد کر دیا تھا۔