ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / گوادر: نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 10 مزدور جاں بحق

گوادر: نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 10 مزدور جاں بحق

Sun, 14 May 2017 20:56:20  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد14مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے ایک شاہراہ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر فائرنگ کردی ہے جس سے دس افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔بلوچستان لیویز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انھوں نے گوادر شہر سے بیس کلومیٹر دور واقع علاقے پیشگان میں ہفتے کے روز ایک شاہراہ کی تعمیر کا کام کرنے والے مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کردیجس سے آٹھ افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہارگئے۔پیرا ملٹری سکیورٹی فورسز لیویز کے ایک سینیر افسر محمد ظریف نے بتایا ہے کہ ’’ تمام مزدوروں کو نزدیک سے گولیاں ماری گئی تھیں‘‘۔دو زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔مقامی انتظامیہ کے ایک افسر منیر زماری نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار دو مسلح افراد نے دو جگہوں پر تعمیراتی ورکروں پر فائرنگ کی ہے اور ان دونوں جگہوں کے درمیان قریباً تین کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔اس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔بلوچستان کے مٹھی بھر دہشت گردوں پر مشتمل بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیاہے۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور ،پولیس اور لیویز کے اہلکار جائے وقوعہ پہینچ گئے اور انھوں نے تحقیقات شروع کردی ہے۔مزدوروں پر جس زیر تعمیر شاہراہ حملہ کیا گیا ہے ،وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کاحصہ نہیں ہے لیکن وہ ایک رابطہ سڑک ہے اور اس منصوبے کے ضمن میں ہی تعمیر کی جارہی ہے۔دہشت گردوں کے حملے میں مارے گئے تمام مزدوروں کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز سے تھا۔ ان کی نماز جنازہ کے بعد میتیں پاک فوج کے سی130 طیارے کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔گوادر میں فائرنگ کے اس واقعے سے ایک روز قبل ہی پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدلغفور حیدری کے قافلے پر بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بم حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں چھبیس افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہوگئے تھے۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اپنی نیوز ایجنسی اعماق کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔


Share: