ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / گریوال کی آخری رسومات میں شامل ہوئے راہل اور کجریوال 

گریوال کی آخری رسومات میں شامل ہوئے راہل اور کجریوال 

Thu, 03 Nov 2016 19:54:42  SO Admin   S.O. News Service

بھوانی،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)’ایک رینک ایک پنشن ‘کے معاملے پر خود کشی کرنے والے سابق فوجی رام کشن گریوال کی آج ان کے آبائی گاؤں میں سخت سیکورٹی کے درمیان آخری رسومات ادا کی گئیں جس میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔گریوال کے سب سے بڑے بیٹے دلاور نے دوپہر قریب بارہ بجے بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے درمیان یہاں سے تقریباً 20کلومیٹر دور باملا میں اپنے والد کے جسد خاکی کو نظر آتش کیا۔
ستر سالہ سابق فوجی اپنے گاؤں کے سرپنچ بھی رہ چکے تھے اور انہوں نے نئی دہلی میں ایک پارک میں منگل کی شام کو زہریلا مادہ کھا کر اپنی جان دے دی تھی۔اس واقعہ نے کل ایک بڑے سیاسی تنازعہ کی شکل اس وقت اختیار کر لی جب کانگریس نائب صدر راہل گاندھی، کیجریوال اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے اس مسئلے کو لے کر نریندر مودی حکومت پر حملہ بولا۔راہل، کیجریوال اور دیگر رہنماؤں کو اس ہسپتال میں جانے سے پولیس کے ذریعہ روکے جانے پر دیر رات تک سیاسی ہنگامہ چلتا رہا جس میں گریوال کی لاش کو رکھا گیا تھا۔
دوسری جانب دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے رام کشن گریوال کے خاندان والوں کے لئے آج ایک کروڑ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔فوج کے سابق جوان کی آخری رسومات میں شریک ہونے گئے کیجریوال نے بھوانی کے قریب واقع گریوال کے گاؤں باملا میں یہ اعلان کیا۔کل گریوال کے خاندان سے ملنے کی کوشش کے دوران دہلی کے وزیر اعلی کو انتہائی ڈرامائی واقعات میں دہلی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
کیجریوال نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، ’میں چاہتا ہوں کہ لوگ ان کی لڑائی کو آگے لے جائیں،ہم لوگ اپنی آخری سانس تک لڑیں گے اور مرکز سے اوآراوپی لے کر رہیں گے۔ہمارے فوجیوں کا جو بھی بقایا ہے اس کے حاصل کرنے کے وہ مستحق ہیں۔‘اس مسئلے پر آپ کے سیاست کرنے کے الزامات پر کیجریوال نے کہا، ’جی ہاں، ہم سیاست کر رہے ہیں،فوجیوں کو ان کے حقوق دلانے کے لئے ہم سیاست کر رہے ہیں جبکہ مودی جی انہیں ان حق سے محروم کرنے کے لئے سیاست کر رہے ہیں۔‘آپ حکومت کی معاوضہ پالیسی کے تحت دہلی میں رہنے والے شہیدوں کے خاندانوں کو ایک کروڑ روپے کی معاوضہ رقم دی جاتی ہے۔کیجریوال بار بار وزیر اعظم نریندر مودی سے پورے ملک میں یہی پالیسی نافذ کرنے کی درخواست کرتے رہے ہیں۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور دیگر رہنما بھی گریوال کے آبائی گاؤں پہنچے۔گریوال نے منگل کی شام نئی دہلی علاقے میں زہر کھا کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی۔


Share: