ممبئی، 24؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) گجرات اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی اطمینان بخش کارکردگی سے حوصلہ پاکر مہاراشٹر کانگریس کمیٹی نے بڑی تعداد میں لوگوں تک پہنچنے کے لئے ایک جامع پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پارٹی اس کے تحت ریاست کے تمام 282 اسمبلی حلقوں کے لوگوں تک رابطہ کرنے کی کوشش کرے گی ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کی مہم نئے سال کے دوسرے ہفتے میں شروع ہو گی۔اس کی قیادت صدر اشوک چوہان گے۔ یہ مہم کولہاپور سے شروع ہوکر پونہ میں ختم ہوگی۔اس مہم میں پارٹی لیڈر، ایم پی، ایم ایل اے، سابق ایم پی اوردیگر عہدیدار حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی ریاستی یونٹ کا منصوبہ بھاجپا قیادت حکومت کے خلاف قرض معافی اور وعدوں کو پورا نہ کرنے سے متعلق مسائل کو اٹھانا ہے اور اس کے ساتھ ہی ساتھ پارٹی کے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کر کے تنظیم کو مزید مضبوط کرنے کا بھی ہے ۔ مہاراشٹر میں 2019 کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ این سی پی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ مناسب وقت پر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی اس بات کو بخوبی جانتی ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے نام پر سمجھوتہ کرنے کا نام نہیں ہے ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی نے مہاراشٹر میں 2019 کے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والی دویندر فڑنویس حکومت کو شکست دینے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے کردار کی طرف توجہ دے گی ۔