ترویندرم،30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کیرالہ کے ترویندرم میں ایک ہسٹری شوٹر کی قیادت والے گروہ نے آر ایس ایس کے ایک کارکن کی ہفتہ کی رات دھاردار ہتھیار سے قتل کر دیا۔پولیس نے کہا کہ حملے میں 34سالہ راجیش کا بایاں ہاتھ کاٹ دیا گیا، اس کے جسم پر دھاردار ہتھیار سے 15حملے کئے گئے۔زخمی راجیش کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا،یہ حملہ رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب شریکریم میں ہوا۔پولیس نے اس معاملے میں 3افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ پانچ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔مانکتتن نامی ایک ملزم مقتول کا پڑوسی ہے،اس کے خلاف پہلے بھی مجرمانہ معاملات چل رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق راجیش شاخ سے واپس آ رہا تھا۔اس دوران شریکریم میں 6لوگوں نے اسے گھیر لیا،ٹو وہیلر پر سوار راجیش پر دھاردار ہتھیار سے حملے کئے گئے۔راجیش راشٹریہ سویم سیوک سنگھ میں کاریواہ کے عہدے پر تھا۔بی جے پی کے ریاستی صدر کے راج شیکھرن نے الزام لگایا کہ حملے کے پیچھے سی پی ایم کا ہاتھ ہے۔اس الزام کو بائیں پارٹی کی ضلع قیادت نے مسترد کیا۔صوبہ بی جے پی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی نے اتوار کو ریاستی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔