کاروار7؍اپریل (ایس او نیوز) کاروار میں واقع ڈسٹرکٹ جیل کے مقام پر نیا تعمیراتی کا منصوبہ زیر غور رہنے کی وجہ سے اس جیل کو دوسر ی جگہ منتقل کیاجارہا ہے۔ ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق اس مقصد کے لئے کاروار اور انکولہ کے درمیان چار مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ اے ڈی جی پی ستیہ نارائن راؤ نے بتایا کہ اس طرح کے معائنے کے بعد انکولہ کے " بیلسے" نامی مقام کوبہتر قرار دیا گیا ہے۔
کہاجاتا ہے کہ کاروار میں نو تعمیر شدہ سرکاری میڈیکل کالج کے آغاز کے بعدضلع جیل کو دوسری جگہ منتقل کرنا لازمی ہوگیا تھا۔اعلیٰ افسران کی سطح پر اس کی کافی جدوجہد کے بعد ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے جیل خانوں کے اے ڈی جی پی کمل پنتھ کو کاروار بلاکر معائنہ کروایاتھا اور جیل کو متنقل کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا۔پھر جب مسٹر ستیہ نارائن راؤنے جیل خانوں کے اے ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالا تو کاروارضلع جیل خانہ دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے لئے زمین کی تلاش شروع ہوئی ۔اور بیلسے میں ضلع جیل کو منتقل کرنا طے ہوگیا ہے۔