کنداپور، 5 / اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے کنڈلور پولیس اسٹیشن حدود میں آنے والے بسرور میں ایک شخص نے اپنی بیوی پر درانتی سے جان لیوا کیا جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے بڑی مشقت کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ حملہ کا شکار ہونے والی خاتون کا نام انیتا (38 سال) اور اس پر حملہ کرنے والے شوہر کا نام لکشمن (40 سال) ہے اور یہ دونوں سورب کے رہنے والے ہیں ۔ پچھلے چار مہینوں سے یہ کنڈلور کے پاس بسرور میں واقع کاشی مٹھ کے فارم میں مزدوری کر رہے تھے ۔
بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان شام 6:45 بجے کے وقت زبانی تکرار شروع ہوئی جس کے بعد نشے میں مست لکشمن نے ایک درانتی سے اپنی بیوی انیتا کی گردن پر حملہ کر دیا ۔ وہ خون میں لت پت کچن روم میں پڑی رہی اور لکشمن نے گھر کا دروازہ اندر سے بند کرکے درانتی لہراتے ہوئے کسی کو اندر آنے سے روکتا رہا ۔
تقریباً ایک ڈیڑھ گھنٹے تک مقامی افراد انیتا کو بچانے کے لئے اندر گھسنے کی کوشش کرتے رہے مگر لکشمن نے ان پر درانتی سے حملہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے دروازہ کھولنے نہیں دیا ۔ پھرکچھ لوگوں کو لکشمن کا دھیان بٹانے میں کامیابی ملی اور چند لوگ کھڑکی کے شیشے توڑ کر کچن میں داخل ہوگئے اور انیتا کو منی پال اسپتال میں منتقل کیا ۔
پھر جب لکشمن کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو اس نے وحشیانہ انداز میں درانتی لہراتے ہوئے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کی طرف سے آنسو گیس چھوڑنے کے بعد بھی لکشمن پولیس اور فائر سروس عملے پر حملہ کی کوشش کرتا رہا ۔ بالآخر رات دس بجے کے بجے کے قریب آٹو ڈرائیور اشوک، سچن اور دوسرے لوگ گھر کے پچھلے دروازے سے اندر گھسنے اور لکشمن پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ۔ جس کے بعد پولیس نے لکشمن کو گرفتار کر لیا ۔
کنڈلور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔