کمٹہ23؍دسمبر (ایس او نیوز)معتبر ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق پریش میستا کی پراسرار موت سے ہندوؤں کے اندرپیدا ہونے والی کھلبلی اور برہمی سےسیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے بی جے پی نے پریش میستا کے والد کملاکر میستا کو ہی کمٹہ اسمبلی حلقے سے انتخابی امیدوار بنانے کے منصوبے پر غور کررہی ہے۔
خیال رہے کہ فی الحال کمٹہ ودھان سبھا کی سیٹ اس وقت کانگریس پارٹی کے پاس ہے۔ 1994میں ڈاکٹرایم پی کرکی نے جو یہ سیٹ جیتی تھی تو تب سے یہاں کمل کا پھول کھل نہیں سکا ہے۔ اس لئے بدلتے ہوئے فرقہ وارانہ ماحول میں کملیش عرف کملا کر کو امیدواربناکرہندوتوا کی تیز ہوا کے ساتھ اس سیٹ کو جیتنے کے امکانات بی جے پی کو محسوس ہورہے ہیں۔
1993کے بھٹکل فسادات کے دوران اننت کمار ہیگڈے جیسے ناموس شخص کا نام سامنے آیا تھا۔ اسی کو انتخابی میدان میں اتار کر 1996میں بی جے پی نے پہلی مرتبہ کینرا لوک سبھا سیٹ کانگریس سے چھین لی تھی۔پتہ چلا ہے کہ بالکل اسی انداز میں اب کملاکر میستا کو میدان میں اتارکر کمٹہ اسمبلی سیٹ پر قبضہ کرنے کے خواب بی جے پی دیکھنے لگی ہے۔