نئی دہلی، 30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ترنگا کے سلسلے میں جموں کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے تبصرے کو افسوسناک اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے کہا کہ ترنگا ہمارے لئے مقدس ہے۔راجوری میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی مجلس عاملہ کے اجلاس میں حصہ لینے آئے ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ترنگا سب کا پیارا ہے اور خوبصورت ہی رہے گا۔
بتا دیں کہ محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میں ایک تقریب میں کہا تھا کہ اگر ریاست کے استحقاق میں کسی طرح کی تبدیلی کی گئی تو وہاں ترنگے کو روکنے والا کوئی نہیں رہے گا۔اس پر مرکزی وزیر نے کہا کہ ترنگا جموں و کشمیر میں بھی ویسے ہی بلند لہرائے گا جیسے ملک کے دیگر حصوں میں لہراتا ہے،جہاں تک ہمارا سوال ہے، ترنگا ہمارے لئے مقدس ہے۔محبوبہ کے بیان کو افسوسناک اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کے کسی دوسرے صوبے کی طرح ہندوستان کا حصہ ہے۔یہ سرکاری موقف بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر سے منسلک کوئی مسئلہ ہے تو وہ یہ ہے کہ پاکستان کے غیر قانونی مقبوضہ ریاست کے حصے کو کس طرح واپس حاصل کرنا ہے۔