جموں، 27؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کشتواڑ ضلع میں تین علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کے خلاف پتھراؤ کے واقعات کے بعد ضلع میں لگایا گیا کرفیو آج مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔سنیچر کی رات کو تین علیحدگی پسند رہنماؤں کو شہر میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف ضلع میں امن تحلیل کرنے کے لیے عوامی سلامتی قانون (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس پر کچھ لوگوں نے پتھراؤ شروع کر دیا۔پتھراؤ کے واقعہ کو لے کر حکام نے ضلع میں کرفیو لگا دیاتھا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع میں آج تیسرے دن کرفیو جاری ہے لیکن صورت حال کنٹرول میں ہے، کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں امن تحلیل کرنے پر کل رات ایک اور شخص آصف کو حراست میں لیا گیا۔امن تحلیل کرنے کی کوشش میں سنیچر کی رات میں تین افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کچھ ویڈیو کلپ میں مبینہ طورپر قابل اعتراض اور اشتعال انگیزنعرے بازی کرتے دکھائی دے رہے لوگوں کی ایک فہرست تیار کی ہے، جسے دیکھتے ہوئے مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔حکام نے کل کرفیو میں دو گھنٹے کی نرمی دی تھی۔