نئی دہلی، 25/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) بجٹ میں سونے اور چاندی پر کسٹم ڈیوٹی میں تخفیف کا اعلان کرنے کے بعد سونے کی قیمت میں ۴؍ ہزار روپے اور چاندی کی قیمت میں ۳۶۰۰؍ روپےکی گراوٹ درج کی گئی ہے۔مرکزی حکومت نے بجٹ میں سونے اور چاندی پر کسٹم ڈیوٹی ۱۵؍فیصد سے کم کر کے ۶؍ فیصد کر نے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے لازمی طور پر قیمتوں میں کمی آنی تھی لیکن وہ ۴؍ ہزار روپے تک ہو گی اس کا اندازہ شاید جوہریوںکو بھی نہیں ہو گا۔ بجٹ کے اگلے دن یعنی ۲۴؍ جولائی کو سونے کی قیمت ۶۹؍ ہزار ۱۵۱؍ روپے فی تولہ پر ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں ۴؍ ہزار روپے اور بدھ کو ۴؍ سو روپے سے زائد کی گراوٹ آئی ہے۔ اسی طرح ۲۳؍ جولائی کو چاندی کی قیمت میں بھی ۳۶؍سو روپے کی گراوٹ آئی تھی جبکہ بدھ کو مزید ۵۷؍ روپے کی گراوٹ آئی اور اب چاندی کی قیمت ۸۴؍ ہزار ۸۶۲؍ روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے ۔
اس بارے میں مارکیٹ کے ماہرین میں سے ایک اجے کیڈیا نے کہا کہ بجٹ میں جو اعلان کیا گیا ہے اس کی وجہ سے قیمت بلاشبہ کم ہو گئی لیکن کسٹم ڈیوٹی کو ’ایڈجسٹ ‘ کرنے کے بعد اگلے کچھ ہفتوں میں سونے کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سونے اور چاندی میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے لیکن اسے ڈیوٹی ایڈجسٹمنٹ ہی کہا جا سکتا ہے۔ کچھ دن یہ گراوٹ دیکھی جائے گی لیکن اس کے بعد سونا اور چاندی دونوں سنبھالا لیں گے ۔کیڈیا کے مطابق امریکی انتخابات اور عالمی کشیدگی کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید کمی نہیں ہوگی۔