ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا کے وزیراعلیٰ سدرامیا پر ایشورپا نے لگایا الزام؛ سدارمیا لنگایت فرقہ کو توڑنے کے درپے

کرناٹکا کے وزیراعلیٰ سدرامیا پر ایشورپا نے لگایا الزام؛ سدارمیا لنگایت فرقہ کو توڑنے کے درپے

Fri, 28 Jul 2017 22:44:32    S.O. News Service

بنگلورو۔28؍ جولائی(ایس او  نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا نے وزیراعلیٰ سدرامیا پر الزام لگایا ہے کہ وہ ریاست کی طاقتور ذاتوں کو توڑنے کا کام کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ پوشی کیلئے لنگایت طبقے کو علیحدہ مذہب کا درجہ دینے کا معاملہ اچھال رہی ہے اور ساتھ ہی علیحدہ صوبائی پرچم کے ایک فروعی معاملے کو جذباتی رنگ دیاجارہاہے۔

آج بی جے پی دفتر میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایشورپانے کہاکہ اس سے پہلے لنگایت فرقہ کے سربراہ بسونا اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے تمام مذاہب کو جوڑنے کا کام کیا تھا، لیکن وزیر اعلیٰ سدرامیا لنگایت فرقہ کو توڑنے اور اسے ایک علیحدہ مذہب کا درجہ دینے کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لنگایت مذہب کو توڑنے کیلئے سدرامیااپنی کابینہ کے پانچ وزراء کو استعمال کررہے ہیں۔کل اگر لنگایتوں کی طرح دیگر چھوٹی موٹی ذاتوں نے علیحدہ مذہب کا درجہ طلب کیا تو سدرامیا کیا کریں گے؟۔انہوں نے کہاکہ جن وزراء کو لنگایت مذہب توڑنے پر مامور کیاگیا ہے، آنے والے انتخابات میں یہ تمام کے تمام ضرورمنہ کی کھائیں گے۔ لنگایت فرقہ ایک الگ مذہب ہے یا نہیں اس کا فیصلہ اس کے مذہب کے رہنماؤں پر چھوڑ دیاجانا چاہئے ۔ سدرامیا کو عوام نے انتظامیہ چلانے کا فرمان دیا ہے اس میں ناکام سدرامیا مذاہب کو توڑنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ایشورپا نے کہاکہ ریاستی حکومت نے دیڑھ سال قبل ذات پات کا سروے کروایا، اس کے اعداد وشمار اب تک منظر عام پر نہیں لائے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یہ اعداد وشمار منظر عام پر لائے جائیں ۔ یڈیورپا اور ایشورپا کے پی اے کے درمیان جھگڑے کے متعلق ایک سوال پر ایشورپا نے کہاکہ یہ دونوں اچھے دوست ہیں ، کسی ذاتی رنجش پر دونوں میں تکرار ہوچکی ہے، انہوں نے اپنے پی اے کو اس سلسلے میں تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ان کے اور یڈیورپا کے درمیان بھی اختلافات تھے، تاہم اعلیٰ کمان کی مداخلت کے بعد اب تمام اختلافات کو فراموش کردیاگیا ہے۔اسی اختلاف کو ہوادینے کے کوشش بسیار کے طور پر دونوں کے پی اے کے درمیان جھگڑا کھڑا کیاگیا ہے۔ ایشورپا نے کہاکہ ایسی اور بھی سو سازشیں رچ لیں وہ یڈیورپاسے ہوئی مصالحت کو نہیں توڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کل قومی پسماندہ طبقات کمیشن کی سفارشات سے ہونے والے فوائد کے متعلق ایک سمینار کا اہتمام کیاگیا ہے، جس میں ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا اور پارٹی کے دیگر قائدین کے علاوہ مرکزی وزیر سماجی بہبود تاور چند گہلوٹ اور دیگر شریک رہیں گے۔ 


Share: